0
Friday 31 Jan 2020 21:03
عزاخانہ زہراؑ کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس

ملت جعفریہ پاکستان کا شہید قاسم سلیمانی و رفقاء کے چہلم پر عظیم الشان اجتماع کا اعلان

امریکا اور اسکے حواریوں پر یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ سینچری ڈیل کبھی کامیاب نہیں ہوگی
ملت جعفریہ پاکستان کا شہید قاسم سلیمانی و رفقاء کے چہلم پر عظیم الشان اجتماع کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مجلس وحدت مسلمین، مجلس ذاکرین امامیہ، شیعہ علماء کونسل، جعفریہ الائنس، مرکزی تنظیم عزا، مرکزی تنظیم عزاداری اور ہیت آئمہ مساجد و علماء امامیہ نے اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ملت تشیع پاکستان 9 فروری کو کراچی کے نشتر پارک میں شہید راہ آزادی بیت المقدس و مدافع حرم اہلبیتؑ و اصحاب ؒرسول اکرمؐ شہید قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس اور انکے شہید ساتھیوں کے چہلم کی مناسبت سے عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کرے گی۔ کراچی کے عزا خانہ زہراؑ سولجر بازار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ کامران عابدی، سبط اصغر زیدی، صدر آئی ایس او کراچی محمد عباس سمیت شیعہ سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ امریکا نے اپنا غلبہ قائم رکھنے کیلئے پوری دنیا کو عدم استحکام کا شکار کر رکھا ہے، مغربی ایشیاء میں مقاومتی بلاک نے امریکی منصوبوں کو شکست دی، جس کے بعد امریکا اپنے ناپاک عزائم کو پاکستان میں کامیاب بنانے کیلئے بے چین ہے۔

شیعہ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی و معاشی بحران، امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال، موجودہ عمران حکومت کے ممکنہ زوال اور ریاستی اداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ کی ذمہ دار وہ عالمی استکباری اسٹیبلشمنٹ ہے، جو پس پردہ رہ کر خطے کے ممالک میں جغرافیائی تبدیلیاں اور تشکیل نو چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے تسلط کی راہ میں مقاومتی بلاک، چین اور روس کو شدید خطرہ سمجھتا ہے اور اس کی ساری منصوبہ بندی انہی قوتوں کو سرنگوں کرنے کیلئے ہے، وہ اس پورے خطے کو داخلی و خارجی بحرانوں میں الجھائے رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں الیکشن کے بعد پیدا ہونے والا بحران، کشیدہ صورتحال اور داعش کی موجودگی امریکی اہداف میں معاون کا کردار ادا کرے گی، بیت المقدس پہ اسرائیلی تسلط کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ رہنماؤں نے شہید راہ القدس قاسم سلیمانی شہید، شہید ابو مہدی المہندس اور انکے ساتھیوں کی امریکی حملے میں نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اب مشرق وسطیٰ اور ایشیاء سے ہر صورت نکلنا ہوگا، ایران و افغان حملوں نے امریکا کی طاقت کا گھمنڈ توڑ دیا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو بھی امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکنا ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور انکے رفقاء کی شہادت نے اس فتنے کے تمام امکانات کو ختم کر دیا ہے، لہٰذا اب پاکستان کا بحران دشمن کیلئے ایک امید کی کرن بن سکتا ہے، امریکا اپنی قومی سلامتی کیلئے پاکستان میں داخلی انتشار اور بحرانوں کی موجودگی کو اشد ضروری سمجھتا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ شہید قدس قاسم سلیمانی کسی ملک یا مسلک کیلئے نہیں، بلکہ اسلام، بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کیلئے امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف برسر پیکار تھے اور جب تک قاسم سلیمانی زندہ تھے، امریکا یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم نہیں کروا سکتا تھا، لیکن شہید سلیمانی کی شہادت کے کچھ روز بعد ہی امریکا نے موقع غنیمت جانتے ہوئے صدی کی ڈیل بکاؤ عرب حکمرانوں کی مدد سے منظور کروالی، تاہم امریکا اور اس کے حواریوں پر یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ سینچری ڈیل کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 841829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش