0
Saturday 1 Feb 2020 20:03

کوئٹہ، بجلی، گیس بحران اور مہنگائی کیخلاف نون لیگ کا احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ، بجلی، گیس بحران اور مہنگائی کیخلاف نون لیگ کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام گیس پریشر میں کمی، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور ملک میں مہنگائی کیخلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینر اٹھائے تھے اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم ایل (ن) کے ضلعی صدر محمد رحیم کاکڑ، اقلیتی ونگ کے صدر پیٹرک، جنرل سیکرٹری نسیم الرحمٰن، طارق بٹ ایڈووکیٹ، حیدر خان اچکزئی و دیگر مقررین نے کہا کہ مرکز میں نااہل حکمرانوں کو مسلط کیا گیا ہے، جن کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، حکمران سوئے ہوئے ہیں مہنگائی کے طوفان کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ واٹس اپ کے ذریعے چلنے والی صوبائی حکومت کو عوام کے مسائل کا ادراک نہیں ہے۔

مقررین نے کہا کہ سوئی گیس بلوچستان سے نکلتی ہے، جس سے ملک کی انڈسٹریز چلتی ہیں مگر بدقسمتی سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عوام بھی اس سہولت سے محروم ہیں، شدید سردی میں گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تمام معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے عوام پر تعلیم و صحت اور روزگار کے دروازے بند کر دیئے ہیں، پرائس کنٹرول کمیٹی کے مقرر کردہ نرخ پر مارکیٹ میں کوئی چیز دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث شہریوں کو خریداری میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ حکومت آئے روز نئے ٹیکسز عائد کررہی ہے جس کی وجہ سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کاکوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بین الاقوامی سطح پر ملکی امیج کو بہتربنانے کے دعوے کررہی ہے تاہم مہنگائی اوربیروزگاری سے تنگ عوام خودکشی کررہے ہیں جوکہ حکومت کی نااہلی کاثبوت ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس کوئی وژن نہیں ہے وزراء صرف بیان بازی کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی استحصال کسی صورت قبول نہیں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھتے ہوئے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 842034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش