QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کو نالائق حکومت کا ساتھ چھوڑ کر ہمارا ساتھ دینا چاہیئے، سعید غنی

1 Feb 2020 20:23

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں اسلام آباد میں ملاقاتیں کررہے ہیں، ان کی جہانگیر ترین سے ملاقات کا علم نہیں، صوبہ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو نالائق حکومت کا ساتھ چھوڑ کر ہمارا ساتھ دینا چاہیئے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی نے بی آئی ایس پروگرام منظور کیا تھا، بی آئی ایس پی کے فارمز مخالف جماعتوں کو بھی دیئے گئے تھے، بی آئی ایس پی کا نام بدلنے کے لئے قانون بدلنا ہوگا، لوگوں کے دلوں میں بے نظیر بھٹو کا نام ہے، مسلم لیگ (ن) نے بھی بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ناکام رہی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں اسلام آباد میں ملاقاتیں کررہے ہیں، ان کی جہانگیر ترین سے ملاقات کا علم نہیں، صوبہ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ عملی طور پر پولیس کا سربراہ حکومت کے کہنے پرکام نہیں کررہا، گورنر صاحب صرف موجیں کرنے کے لئے ہیں، وہ تو گورنر ہاؤس میں لگے چپراسی کا بوریا بستر گول نہیں کر سکتے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے آج عوام مصیبت میں ہیں، کوئی طبقہ سکون سے اپنی زندگی نہیں گزار رہا، جو سکون چاہتے ہیں، انہیں پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑنا ہوگا، ایم کیو ایم کو اس نالائق حکومت کا ساتھ چھوڑ کر ہمارا ساتھ دینا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 842041

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/842041/ایم-کیو-کو-نالائق-حکومت-کا-ساتھ-چھوڑ-کر-ہمارا-دینا-چاہیئے-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org