0
Saturday 1 Feb 2020 20:32

جماعت اسلامی کی سربراہی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف احتجاجی دھرنا

جماعت اسلامی کی سربراہی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف احتجاجی دھرنا
اسلام ٹائمز۔ بحریہ ٹاؤن کراچی میں املاک بُک کروانے والے افراد کی بڑی تعداد نے طارق روڈ پر کمپنی کے دفتر کے باہر دھرنا دیا اور اپنی محنت سے کمائی رقم کے حقیقی استعمال اور انصاف کا مطالبہ کیا۔ مذکورہ احتجاج کا انعقاد جماعت اسلامی نے کیا تھا جس نے بحریہ ٹاؤن کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے اور اس سلسلے میں 9 فروری کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے جنہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جبکہ احتجاج کے دوران ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔ انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکام سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں جس میں متوسط طبقے اور بالائی متوسط طبقے کی بھاری سرمایہ کاری شامل ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمٰن نے پاکستان تحریک انصاف حکومت کے دعوے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرپشن کے خاتمے کے نعرے سے انتخاباے میں کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی بھی بحریہ ٹاؤن کی بدعنوانیوں اور ریئل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض کے خلاف ایک لفظ نہیں کہا۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ یہ ایک منظم دھوکا دہی ہے جس میں الاٹیز کو ان کی املاک کی ملکیت نہیں دی گئی جبکہ جن سے ری فنڈ کا وعدہ کیا گیا انہیں بھی ادائیگی نہیں کی گئی۔ جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ نے کہا کہ جن افراد کو ان کے پلاٹس کی مکمل ادائیگی کرنے کے بعد ملکیت ملنے والی تھی ان سے 30 فیصد اضافی رقم جمع کروانے کا کہا گیا جو کہ اصل معاہدے کے خلاف ہے لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ ریاست اور اس کے اداروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک کمپنی ریاست کے اندر ریاست کی طرح کام کررہی ہے اور کسی میں جرات نہیں کہ اس سے سوال کرسکے۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کے عوام کو ریاست کے تیزی سے ختم ہوتے کردار کے حوالے سے تشویش ہے، ایک ایسے وقت میں کہ جب ان کے پاس اپنی شکایات لے کر جانے کی کوئی جگہ نہیں جبکہ کوئی بھی اپنے مضبوط تعلقات کی بنیاد پر آسانی سے شہریوں کا پیسہ چرانے کے لئے اسمارٹ اسکیم بنا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 842045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش