0
Saturday 1 Feb 2020 21:52
صدی کی ڈیل

اسلامی مزاحمت جاری رہے گی، ان شاء اللہ مسجد اقصی میں ملیں گے، محمود الزہار

اللہ تعالی کے بعد آپ یمنی عوام کے شکرگزار ہیں۔
اسلامی مزاحمت جاری رہے گی، ان شاء اللہ مسجد اقصی میں ملیں گے، محمود الزہار
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما محمود الزہار نے قومی ٹیلیویژن پر براہ راست خطاب کے دوران یمنی دارلحکومت صنعاء میں فلسطین کے حق میں ہونیوالے مظاہروں میں شریک مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی غاصب قابض یمن کو اپنے قبضے میں نہیں لا سکا مگر (اس ارادے سے یمن میں داخل ہونیوالا) نیست و نابود ہوا ہے جبکہ آج یمنی عوام ٹرمپ کے منصوبے کیخلاف اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ حماس کے مرکزی رہنما محمود الزہار نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یمنی عوام کے ہمراہ مسحد اقصی میں نماز نہ پڑھ لے مزاحمتی محاذ اپنی بندوقیں زمین پر نہیں رکھے گا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ سے لیکر صنعاء تک پوری امت مسلمہ دشمن کیساتھ مقابلے میں واحد خون اور واحد مقصد کی حامل ہے۔

حماس کے مرکزی رہنما محمود الزہار نے یمنی خاک کے ہر ایک بالشت کو دشمن کے قبضے سے آزاد کروانے والے مجاہدین پر اپنا سلام بھیجتے ہوئے کہا کہ آج خائن اور سازشی عناصر "مقبوضہ قدس" کو "اسرائیل کے دارالحکومت" کا نام دے رہے ہیں درحالیکہ "قدس" صرف اور صرف لا الہ الا اللہ محمدؐ رسول اللہ کا دارالحکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے پسند نہیں کیا کہ وہ ہمارے پیغمبر(ص) کی امت میں سے قرار پائیں لہذا وہ ٹرمپ کیساتھ جا کھڑے ہوئے ہیں البتہ انکے لئے ہمارا یہ پیغام ہے کہ عوام ایک دن تم سے ضرور حساب لیں گے۔ محمود الزہار نے کہا کہ عنقریب غزہ اپنا وہ پرچم بلند کریگا جسکے ذریعے ٹرمپ کے سہارے کھڑے صیہونیوں کو شکست فاش سے ہمکنار کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فتحیابی اور آزادی کا وقت اب آن پہنچا ہے اور ہم اللہ تعالی کے بعد آپ یمنی عوام کے شکرگزار ہیں تاہم وہ آخری وعدہ بھی یقینا پورا ہونیوالا ہے جو ہمارا وعدہ ہے کہ ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ان شاء اللہ مسجد اقصی میں ملاقات کریں گے!
خبر کا کوڈ : 842059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش