0
Sunday 2 Feb 2020 16:43

خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں واپس آنا چاہیئے، صادق سنجرانی کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات

خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں واپس آنا چاہیئے، صادق سنجرانی کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا ہے کہ کابینہ میں رہ کر ہی اپنے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کراچی کے علاقے بہادر آباد میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پہنچے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان ،فیصل سبزواری اورامین الحق شامل تھے۔ چیئرمین سینیٹ سے رسمی گفتگو کے آغاز پر خالد مقبول صدیقی نے ہلکے پھلکے انداز میں شکوہ کرتے ہوئے مصرع کہا بڑی دیر کی مہرباں آتے آتے۔ جس پر صادق سنجرانی نے کہا کہ میں پہلے بھی آیا تھا لیکن آپ سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی، ہم چاہتے ہیں آپ ہمارے ساتھ رہیں، جس پر فیصل سبزواری نے کہا کہ ہماری بھی یہی خواہش ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ آپ کی کابینہ سے علیحدگی کی خبر سنی تو دلی افسوس ہوا، جس پر خالد مقبول نے کہا کہ جن عوامی مسائل کے لئے حکومت سے اتحاد کیا وہ حل ہوجائیں، وزارتیں تو آنی جانی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ سے یقین دہانی کرائی کہ آپ کے مطالبات پر حکومتی کمیٹی کام کررہی ہے جلد معاملات حل ہوں گے۔ کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہماری کمیٹی تو شروع سے ایک ہی ہے البتہ حکومتی کمیٹی کئی بار تبدیل ہوچکی ہے۔



اس موقع پر صادق سنجرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایم کیو ایم کی جانب سے گرم جوشی سے استقبال کیا گیا، شکریہ ادا کرنے آیا کہ مجھے سینیٹ میں بلوچستان کے عوام کی حمایت کی، سیاسی معاملات پر زیادہ بات نہیں کرسکتا، پاکستان کی بہتری کے لئے کسی بھی پارٹی کے پاس جانے کو تیار ہوں، ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کریں گے، کوشش ہوگی کہ چھوٹے مسائل کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی خدمت کریں، پاکستان کی بہتری کے لئے خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں واپس آنا چاہیئے، کابینہ میں بیٹھ کر زیادہ مؤثر انداز میں اپنے لوگوں کے مسائل حل کرسکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 842188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش