ووہان میں پاکستانی ڈاکٹر کی رضاکارانہ خدمات پر چین کا اظہار تشکر
2 Feb 2020 19:38
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں ستائشی پیغام میں چینی حکام نے کہا ہے کہ ہم ڈاکٹر محمد عثمان جنجوعہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک غیرملکی ڈاکٹر کی حیثیت سے چین میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں رضاکار کے طور شمولیت کی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے شہر جہلم سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عثمان جنجوعہ نے چین کے شہر ووہاں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج کے لیے رضاکارانہ خدمات پیش کیں جس پر چین نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان میں قائم چینی سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں ستائشی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم ڈاکٹر محمد عثمان جنجوعہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک غیرملکی ڈاکٹر کی حیثیت سے چین میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں رضاکار کے طور شمولیت کی ہے۔ ڈاکٹر عثمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ چین کی چنگشا میڈیکل یونیورسٹی میں ایک استاد ہیں اور پاکستان کے شہر جہلم کے علاقے دینہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے بھی ڈاکٹر عثمان جنجوعہ کے جذبے کو سراہا اور ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عثمان ایک ہیرو ہے۔
خبر کا کوڈ: 842204