0
Sunday 2 Feb 2020 21:37

اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ غیر مناسب ہے، اسد قیصر

اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ غیر مناسب ہے، اسد قیصر
اسلام ٹائمز۔ اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے مطالبہ پر اسپیکر قومی اسمبلی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بل بالکل ہی غیر مناسب ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک ابھی معاشی بحران سے پوری طرح نہیں نکلا، اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے یہ وقت مناسب نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں وقت لگے گا، وزیراعظم پاکستان عمران کے ویژن کے مطابق ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے حکومت کفایت شعاری پر عمل پیرا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی مربوط معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی بحران سے آہستہ آہستہ باہر نکل رہا ہے، تنخواہوں میں اضافے  سے ملکی خزانے پر بھاری بوجھ پڑے گا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ کو چاہیئے کہ وہ تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ تب کریں، جب ملکی خزانہ اس بوجھ کو برداشت کرنے کے قابل ہو جائے۔ یاد رہے کہ اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی کی جانب سے بل لانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس میں وہ بڑھتی مہنگائی کو بنیاد بنا کر اپنی تنخواہوں میں چار سو فیصد اضافے کا مطالبہ کریں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے بھی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کو یکسر مسترد کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 842233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش