اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد نے کہا ہے کہ چینی حکومت کی اجازت ملتے ہی پاکستانی طلبہ کو نکالنا شروع کر دیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے کٹس مل گئی ہیں اور اس متعلق تمام ایئرپورٹس کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔ نوشین حامد نے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ سے متعلق پارلیمنٹ میں بھی بحث ہوئی ہے، جیسے ہی چینی حکومت اجازت دے گی ہم اپنے طلبہ کو نکالنا شروع کر دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر چین سے آنے والے مسافروں کو اسکرینگ کے بعد ہی گھر جانے دیا جا رہا ہے۔