0
Monday 3 Feb 2020 14:19

شیخ رشید اور وزیراعلیٰ سندھ، کراچی میں سرکلر ریلوے کی بحالی پر ایک ہوگئے

شیخ رشید اور وزیراعلیٰ سندھ، کراچی میں سرکلر ریلوے کی بحالی پر ایک ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور وزیراعلیٰ سندھ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی بحالی پر ایک بار پھر متفق ہوگئے، کمیٹی بنادی گئی۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کے سی آر کو بحال کرائیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے سی آر کی بحالی کے سلسلے میں کالا پل کے مقام پر مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پہنچے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا مسئلہ ای سی سی میٹنگ سے پہلے حل کریں گے، سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے، بارہ تاریخ کو سپریم کورٹ میں مشترکہ بیان بھی دیں گے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیخ رشید اور وزیراعلیٰ سندھ کی ماس ٹرانزٹ منصوبے پر بات ہوئی ہے، دونوں لیڈروں نے منصوبے کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا ہے۔ اس سے قبل وزیر ریلوے اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایک کمیٹی قائم کی گئی۔ کمشنر کراچی اور ڈی ایس ریلوے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری ریلوے پہلے مرحلے میٹنگ کریں گے۔ کمیٹی سرکلر ریلوے کے حوالے سے معاملات حل کرائے گی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سرکلر ریلوے منصوبے کیلئے سندھ حکومت کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں، وفاقی حکومت کو کراچی کے اہم منصوبے کے سی آر کیلئے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مطالبہ کیا کہ کے یو ٹی سی سندھ کو منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے 60 فیصد شیئرز وفاقی 40 فیصد سندھ کے پاس ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ تجاوزات 40 کلومیٹر تھی، 38 کلومیٹر خالی کرالیا گیا ہے، متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنی ہے۔ شیخ رشید نے بتایا کراچی سرکلر ریلوے اور فریٹ ٹرین کے منصوبے کو سی پیک کے ساتھ جوڑا گیا ہے، چاروں صوبوں کے ہیڈ کوارٹرز میں فریٹ ٹرین کے دفاتر بنانے کا پلان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے کا چالیس کلومیٹر میں سے 38 کلومیٹر کا ٹریک خالی ہوچکا ہے، ریلوے متاثرین کو متبادل جگہوں کے حوالے سے سندھ حکومت نے مدد فراہم کرنی ہے، متاثرین کو ریلوے کی مناسب جگہ پر گھر بناکر دیئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 842312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش