0
Monday 3 Feb 2020 17:10
ہمیں تمام اختلافات کو ختم کرکے کشمیر اور فلسطین کی حمایت کرنی ہے، علامہ ناصر عباس

ہم فلسطین کے حوالے سے ٹرمپ کے ذلت آمیز منصوبہ کو مسترد کرتے ہیں، صاحبزادہ ابو الخیر زبیر

ملی یکجہتی کونسل یوم یکجہتی کشمیر کو ملکی سطح پر منائے گی، لیاقت بلوچ
ہم فلسطین کے حوالے سے ٹرمپ کے ذلت آمیز منصوبہ کو مسترد کرتے ہیں، صاحبزادہ ابو الخیر زبیر
اسلام ٹائمز۔ کشمیر میں چھے ماہ سے کرفیو ہے، کشمیر جیل بن چکا ہے، اس صورتحال میں ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ ہم سب مل کر یوم یکجہتی کشمیر میں منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر نے کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حکمرانوں سے کہیں گے کہ وہ زبانی جمع خرچ سے باہر آئیں اور اس کے لیے عملی اقدام کریں۔ اس جہاد کے لیے قربانی عظیم کام ہے۔ جلوس نکالنا، جھنڈے لگانا حکومت کا کام نہیں ہے۔ حکومت پاکستان کم سے کم عالمی عدالت میں چلی جاتی، روہنگیا مسلمان اگر وہاں جا سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں نکلے۔ آپ ٹرمپ سے اپیل کر رہے ہیں کہ ثالثی کروائیں، اس نے جو فلسطین کی ثالثی کروائی ہے، کیا وہ آپ کو قبول ہے۔ ہم امریکہ کی جانب سے پیش کردہ ذلت آمیر فارمولے کی بھرپور مذمت کرتے اور اسے مسترد کرتے ہیں۔

مجلس عاملہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل اور صدر محفل علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان مقاومت کا حلقہ وصل ہے، ہم مقاومت کی تحریکوں کو جوڑنے والے ہیں، اسی لیے امریکہ ہم کو اس حلقہ سے دور رکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان اس حلقے میں رہتا ہے تو اسرائیل نہیں رہ سکتا، ہندوستان کمزور ہوگا۔ ہمیں تمام اختلافات کو ختم کرکے کشمیر اور فلسطین کی حمایت کرنی ہے۔ پاکستان کو بحرانوں کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قوم کو بیدار کریں، ہمیں آئین کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔ کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پروگراموں کا انعقاد کرے گی۔

جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید صفدر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاسم سلیمانی کی بیٹی نے ہمارے وفد سے کہا کہ ہمارا انتقام یہ ہے کہ عالم اسلام اپنے دشمن کے مقابلے میں متحد ہو جائے، ہمیں اپنے حکمرانوں پر دباؤ ڈالنا ہوگا کہ وہ آپس میں متحد ہو جائیں۔ اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے اس خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل حکومت سے ہٹ کر پوری امت میں پاکستان کا نمائندہ فورم ہے، اسے ہمیں مضبوط کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے وفد نے ایران میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، جس کی بھرپور پذیرائی ہوئی ہے۔ ہم نے پاکستان اور ایران کے باہمی روابط پر زور دیا، ہم ان کی پارلیمنٹ میں گئے ہیں۔ اس وفد نے ایران میں پورے ملک کی نمائندگی کی ہے۔ ہم نے ایرانی قیادت کا کشمیر کے مسئلے پر آواز اٹھانے پر شکریہ بھی ادا کیا اور ان سے گزارش کی کہ وہ فلسطین کے مسئلہ کی طرح کشمیر کے مسئلے کو بھی اٹھائیں۔

علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہم نے پاکستانی علماء کو بھی کہا کہ وہ کشمیر سے یکجہتی کے لیے ایران میں پروگرام کریں۔ ہمیں کشمیر کے حوالے سے ٹرمپ سے کوئی امیدیں نہیں ہیں، یہ کشمیر کے ساتھ وہی کرے گا، جو اس نے فلسطین کے ساتھ کیا ہے۔ دنیا کی منحوس تکون اسرائیل، ہندوستان کے پیچھے امریکہ ہے۔ ہمیں اپنے دشمن کو سمجھنے میں کسی سازش کا شکار نہیں ہونا چاہیئے۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کی کوشش کرنی ہوگی۔ ترک صدر نے درست کہا یہ قدس کا مسئلہ نہیں، مکہ اور مدینہ کا مسئلہ ہے۔ سنچری ڈیل سے فلسطینیوں کو قتل کرنے کا اسرائیلیوں کو موقع ملے گا۔ ہمیں اقوام متحدہ، او آئی سی سے مطالبہ کرنا چاہیئے کہ سنچری ڈیل اور کشمیر کے مسئلہ کو اٹھائیں۔

اجلاس میں ان شخصیات کے علاوہ جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراھیم، اتحاد علماء کے سربراہ مولانا عبد المالک، JUP کے نائب صدر سید صفدر گیلانی، جماعت اسلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو، تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ گل، جماعت اہل حرم کے سربراہ مولانا گلزار احمد نعیمی، کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ثاقب اکبر، تحریک حرمت رسول کے سیکرٹری جنرل محمد یعقوب شیخ، ھدیہ الہادی کے نائب رہبر رضیت باللہ، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں مجلس وحدت کی سپریم کونسل کے رکن مولانا اقبال بہشتی، جمعیت علمائے پاکستان کے چیف آرگنائزر محمد حسیب نظیری، صدر JUP بلوچستان میر عبد القدوس ساسولی، صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان پنجاب محمد جاوید قصوری، مولانا سید جعفر نقوی مرکزی راہنما اسلامی تحریک، نائب ناظم تنظیم اسلامی راجہ محمد اصغر، مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ سیاسیات کے ذمہ دار سید اسد نقوی، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر محمد نصراللہ رندھاوا، علامہ حیدر علوی اور دیگر جماعتوں کے قائدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس عاملہ کی میزبانی مجلس وحدت مسلمین نے کی۔ یاد رہے کہ یہ خصوصی اجلاس مسئلہ کشمیر اور قضیہ فلسطین کے تناظر میں بلایا گیا تھا۔ اجلاس کے اختتام پر مجلس عاملہ کی جانب سے ایک مشترکہ فتویٰ اور اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 842331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش