QR CodeQR Code

جی بی کے محب وطن عوام کو مزید کچی ڈوریوں میں نہ باندھا جائے، شیخ مرزا علی

3 Feb 2020 23:07

اپنے ایک بیان میں اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اگر وفاق سنجیدہ ہو تو مسئلہ کشمیر کو متاثر کئے بغیر مکمل آئینی حقوق دیے جا سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل شیخ مرزا علی نے کہا ہے کہ 2020ء جی بی کا سال ہوگا کیونکہ عوام بہت ہوشیار ہو چکے ہیں، سبز باغ دکھانے والوں کو جھنڈی دکھا دی جائے گی۔ اپنے ایک بیان میں شیخ مرزا علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں ایک جماعت نے 2009ء کا آرڈر دیا اور اس کا نتیجہ عوام کے سامنے ہے کہ وہ جماعت ایک سیٹ حاصل کر سکی، اس کے بعد 2018ء کا آرڈر اور اس کے نفاذ کے مرحلے میں ہی آرڈر کی وقعت کھو بیٹھی۔ عوام ان آرڈر والی جماعتوں سے نہایت مایوس ہو چکی ہے، وفاق میں برسر اقتدار جماعت کے کورٹ میں اس وقت گیند ہے، اگر وہ 2019ء اور 2020ء کے مخمصے میں پڑی رہی تو اس جماعت کا حشر بھی گزشتہ جماعتوں کی طرح ہوگا۔ لہٰذا عالمی بدلتے حالات، برصغیر کی موجودہ صورتحال اور بھارت کی مسلم کش پالیسوں اور مقبوضہ کشمیر کی نہایت ابتر حالت کے پیش نظر آرڈروں کے بجائے قومی دھارے میں لانے کیلئے آئینی شناخت دی جائے۔ اگر وفاق سنجیدہ ہو تو مسئلہ کشمیر کو متاثر کئے بغیر مکمل آئینی حقوق دیے جا سکتے ہیں۔ لہٰذا وقت کا تقاضہ یہ ہے کہ جی بی کے محب وطن عوام کو مزید کچی ڈوریوں میں نہ باندھا جائے بلکہ مستحکم بنیادوں پر الحاق پاکستان کا مثبت جواب دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 842419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/842419/جی-بی-کے-محب-وطن-عوام-کو-مزید-کچی-ڈوریوں-میں-نہ-باندھا-جائے-شیخ-مرزا-علی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org