QR CodeQR Code

پی ٹی آئی نے حکومت اچھی کی نہ ہمارے ساتھ اچھا کیا، پرویز الہٰی

3 Feb 2020 23:18

اپنے ایک انٹرویو میں قاف لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ سوکن کی گھر میں جو حالت ہوتی ہے، اس وقت ہمارے جذبات ویسے ہی ہیں، پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ چیزیں سنبھالیں اور خود بھی سنبھل کر چلیں، حالات خراب بھی ہوں تو بھی عمران خان کو پراعتماد نظر آنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ حکمران اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ق) کے سینیئر رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے حکومت اچھی کی اور نہ ہی ہمارے ساتھ اچھا کیا۔ ایک انٹرویو میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم نے سارے اتحاد دیکھے ہیں، سب سے ٹف اتحاد جماعت اسلامی کے ساتھ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے کہ خان صاحب کا جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد برا ثابت ہوا، شاید عمران خان کو لگتا ہے کہ سب اتحادی جماعت اسلامی کی طرح ہوتے ہیں قاف لیگ کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ اس حکومت کے اس طرح اتحادی نہیں ہیں، جس طرح زرداری صاحب کے تھے، عمران خان فیصلہ کرنے سے پہلے ہزار بار سوچ لیں، فیصلہ لینے کے بعد اس کو واپس لینے پر ان کی ساکھ پر فرق پڑتا ہے، کیونکہ وہ وزیراعظم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے، دیکھنا ہے کہ پی ٹی آئی کتنا ڈلیور کرتی ہے، ان لوگوں نے نہ حکومت اچھی کی اور نہ ہمارے ساتھ اچھا کیا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ سوکن کی گھر میں جو حالت ہوتی ہے، اس وقت ہمارے جذبات ویسے ہی ہیں، پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ چیزیں سنبھالیں اور خود بھی سنبھل کر چلیں، حالات خراب بھی ہوں تو بھی عمران خان کو پراعتماد نظر آنا چاہیئے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا خیبر پختونخوا میں جو چیز لاگو کریں گے تو وہ پنجاب میں بھی کامیاب ہوگی؟ اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں، کوئی فیصلہ کرتے وقت 10 مرتبہ سوچ لیں۔ قاف لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ وہ نام لیے بغیر کہتے ہیں کہ عمران خان ساتھیوں کی وجہ سے گمراہ نہ ہوں، سیاست میں اعتبار ختم ہو جائے تو وہ بحال نہیں ہوتا۔ پرویز الہٰی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ تحریری معاہدہ ہوا تھا، پرانی کمیٹی نے معاہدے کی تصدیق بھی کی، نئی کمیٹی بنی تو ہمارا شک یقین میں بدل گیا ہے، شروع میں جو چیزیں طے ہوئیں، وہ پوری نہیں ہوئیں۔


خبر کا کوڈ: 842436

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/842436/پی-ٹی-ا-ئی-نے-حکومت-اچھی-کی-نہ-ہمارے-ساتھ-اچھا-کیا-پرویز-الہ-ی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org