0
Tuesday 4 Feb 2020 02:10
امریکی انخلاء

نئے وزیراعظم امریکی افواج کے انخلاء کو جلد عملی جامہ پہنائیں، عراقی پارلیمنٹ

نئے وزیراعظم امریکی افواج کے انخلاء کو جلد عملی جامہ پہنائیں، عراقی پارلیمنٹ
اسلام ٹائمز۔ عراقی ٹیلیویژن کی رپورٹ کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی و دفاع نے عراق کے نئے وزیراعظم محمد توفیق علاوی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عراق سے امریکی انخلاء کی پارلیمانی قرارداد کو جلد عملی جامہ پہنائیں۔ تفصیلات کے مطابق عراقی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی و دفاع کے رکن بدر الزیادی نے اس مطالبے کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی و دفاع کے جلسے میں وزیراعظم محمد توفیق علاوی کی موجودگی میں عراق سے امریکی افواج کے نکال باہر کئے جانے کے عمل کا جائزہ بھی لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کمیٹی کو یقین دلوایا کہ وہ اپنی کابینہ کے تشکیل پا جانے کے فوراً بعد ہی عراقی سرزمین سے امریکی افواج کے انخلاء کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

دوسری طرف عراقی اسلامی مزاحمتی فورس کتائب حزب اللہ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُسے امید ہے کہ نئی عراقی حکومت میڈیا پر دیئے گئے بیانات سے بڑھ کر اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ کتائب حزب اللہ کے سکیورٹی چیف ابو علی العسکری نے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ اس حوالے سے عراق کے نئے وزیراعظم اور ان کی تشکیل پانے والی کابینہ کے عملی اقدامات کی نزدیک سے نگرانی کی جائے گی، جبکہ نئی عراقی حکومت کی لیاقت کا دارومدار عراقی سرزمین سے امریکی افواج کے انخلاء پر ہے۔ ابو علی العسکری کا لکھنا تھا کہ عراقی عوام کے جائز مطالبات کی تعمیل اور ملکی سرزمین سے امریکی افواج کا انخلاء نئی عراقی حکومت کی لیاقت کا ایک امتحان ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 842438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش