0
Tuesday 4 Feb 2020 10:05

آئی جی نے پولیس کو 649 دہشتگرد پکڑنے کا ٹاسک دیدیا

آئی جی نے پولیس کو 649 دہشتگرد پکڑنے کا ٹاسک دیدیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر کو مفرور دہشت گردوں کی گرفتاری کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق عدالت کی جانب سے آئی جی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ سی ٹی ڈی سمیت پنجاب پولیس کو مطلوب 649 دہشتگردوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ آئی جی پنجاب کو ملنے والے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سی ٹی ڈی بم دھماکوں، خودکش حملوں میں ملوث 92 دہشتگردوں اور لاہور پولیس مختلف مقدمات میں نامزد 83 دہشتگردوں کو گرفتار نہیں کر سکی۔ مراسلے کے مطابق گوجرانوالہ ریجن میں 116، فیصل آباد ریجن میں 107، ڈی جی خان ریجن میں 127 دہشتگرد پولیس کو مطلوب ہیں۔ بہاولپور ریجن میں 45، شیخو پورہ ریجن میں 48، راولپنڈی ریجن میں 15، ملتان میں 11 اور ساہیوال ریجن میں 3 دہشت گرد پولیس کو مطلوب ہیں جنہیں تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

ذرائع کے مطابق 51 دہشتگردوں کے نام پر جائیدادیں موجود ہیں جبکہ 418 دہشتگرد اشتہاریوں کے نام پر کوئی جائیداد نہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ 143 دہشتگردوں کے کیسوں کی سماعت جاری ہے۔ ایک کھرب 11 ارب روپے کا بجٹ لینے والی سی ٹی ڈی مذکورہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ عدالتی حکم ملنے کے بعد آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔ آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ ایس پی رینک کا افسر دہشتگردوں کی گرفتاریوں کے عمل کی خود مانیٹرنگ کرے گا اور آئی جی کو پراگریس سے آگاہ کرے گا۔ آئی جی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ دہشتگردوں کی گرفتاری کے معاملے میں اب روایتی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی کی جانب سے احکامات ملنے کے بعد پنجاب پولیس دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے فعال ہو گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد دہشتگردوں کو گرفتار کرلے گی اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 842489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش