0
Tuesday 4 Feb 2020 15:56

کورونا وائرس، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ

کورونا وائرس، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر صوبے میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ محکمہ بحالی و آباد کاری خیبر پختونخوا کی جانب سے کورونا وائرس کے پیشِ نظر ایمرجنسی کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق وفاقی وزارت صحت سے موصول احکامات کی روشنی میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے چین سے بِلاروک ٹوک مسافروں کا آنا جانا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ متعلقہ ادارے احتیاطی تدابیر سمیت تمام تر ممکنہ اقدامات کو فوری یقینی بنائیں۔ اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں ممکنہ کورونا وائرس کو روکنے اور اس پر قابو پانے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔ دوسری جانب ڈی جی ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پولیس سروسز ہسپتال میں او پی ڈی سروسز کو بند کر کے ہسپتال کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کیلئے مختص کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس سروسز ہسپتال پشاور کے ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر اورنگزیب آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ سروسز ہسپتال کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ ہسپتال میں او پی ڈی سروسز بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ سروسز ہسپتال میں ابتدائی طور پر 5 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے، جبکہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے حفاظتی کٹس اسلام آباد پہنچ چکی ہیں جنہیں جلد سروسز ہسپتال لایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 842574
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش