QR CodeQR Code

افسوس ہے کہ کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہ کرسکا، عمران خان

4 Feb 2020 16:19

مہاتیر محمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانا ہے، ہمارے عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جبکہ سرمایہ کاری اور تجارت کا مستقبل بھی بہت شاندار ہے، اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کے لیے بھی دونوں ممالک کام کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوالالمپورکانفرنس میں عدم شرکت پر افسوس ہے اور یہ غلط تاثر تھا کہ کوالالمپور کانفرنس سے مسلم امہ تقسیم ہو جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیئن وزیراعظم مہاتیرمحمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانا ہے، ہمارے عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جبکہ سرمایہ کاری اور تجارت کا مستقبل بھی بہت شاندار ہے، اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کے لیے بھی دونوں ممالک کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوالالمپور کانفرنس میں عدم شرکت پر افسوس ہے، یہ غلط تاثر تھا کہ کوالالمپور کانفرنس سے مسلم امہ تقسیم ہو جائیگی، پاکستان کے کچھ دوستوں کو لگا کہ یہ کانفرنس امہ کو تقسیم کردے گی جو واضح غلط فہمی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ کشمیر سے متعلق ملائیشین وزیراعظم کے مؤقف کے مشکور ہیں، اس پر بھارت نے ملائیشیا کا پام آئل بھی بند کر دیا، پاکستان سی پیک کے ذریعے چینی مارکیٹ سے منسلک ہوگیا ہے اور پام آئل کی فروخت میں ملائیشیا کی مدد کریگا، مہاتیر محمد کو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ مسلم امہ میں یکجہتی کے فروغ کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کریں گے، پاکستانی وزیراعظم سے باہمی تعاون سے متعلق جامع مذاکرات پر بات چیت ہوئی اور ہر سطح پر رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ مہاتیر محمد نے مزید کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا گیا، تجارتی رکاوٹیں دور کرکے باہمی تجارت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا، سیاحت، تعلیم، دفاع اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بھی بڑھایا جائے گا۔

بعد ازاں ایڈوانس اسلامک اسٹڈیز انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مذہب کو کبھی جبری طور پر مسلط نہیں کیا گیا اور ہمیں اس کو اپنانا چاہیے، ملائیشیا میں بھی ہمیں یہی چیز نظر آتی ہے،  اسلام اور دہشت گردی کی کارروائیوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اسلامی تاریخ سے آگاہ کریں اور اصل تصویر پیش کریں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ جو کچھ بھارت میں ہو رہا ہے وہ اس کے لیے بہت بڑی تباہی اور عوام کے لیے انتہائی خطرناک ہے کیونکہ اس سے بھارت ہمیشہ کے لیے تقسیم ہو جائے گا اور اس کے ٹکڑے ہو جائیں گے، کیونکہ مودی کی فاشسٹ سوچ کسی اور نظریے کو پنپنے کی اجازت نہیں دیتی۔


خبر کا کوڈ: 842584

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/842584/افسوس-ہے-کہ-کوالالمپور-کانفرنس-میں-شرکت-نہ-کرسکا-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org