0
Tuesday 4 Feb 2020 19:49

بلوچستان، کرونا وائرس کی اسکریننگ کیلئے تھرمل گن فراہم کر دی گئیں

بلوچستان، کرونا وائرس کی اسکریننگ کیلئے تھرمل گن فراہم کر دی گئیں
اسلام ٹائمز۔ محکمہ صحت حکومت بلوچستان نے کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں کورونا وائرس کی اسکریننگ کیلئے19 تھرمل گن اور پی پی ایز فراہم کردی ہیں۔ کوئٹہ ائیرپورٹ پر ابتک 2درجن سے زائد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ مکمل کی گئی ہے کسی میں بھی وائرس کی موجودگی کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں جبکہ، تربت، گوادر ائیرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ جاری ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے تربیت یافتہ عملہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کر رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر شاکر بلوچ کے مطابق کرونا وائرس کے حوالے سے بلوچستان حکومت کی ہدایت پر محکمہ صحت نے متعدد اجلاس منعقد کرکے تشکیل دی جانے والی ٹیموں اور مذکورہ ماہرین کے ذریعے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے ہیں اور بلوچستان کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈی ایچ اوز کو ادویات اور دیگر سازو سامان مہیا کردیا گیا ہے۔

صوبے کے مختلف علاقوں میں 8 آئسولیشن وارڈ قائم کئے گئے ہیں، جس میں 2 کوئٹہ، 2 گوادر، 2 لسبیلہ، ایک تربت، ایک چاغی میں قائم کئے گئے ہیں۔ یہ وارڈ صوبے کے داخلی اور خارجی علاقوں میں بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے قائم کئے گئے ہیں، ان وارڈز میں تربیت یافتہ عملہ اور ادویات سمیت دیگر سامان کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، محکمہ صحت کی مذکورہ ٹیمیں دن رات اس حوالے سے کام کررہی ہیں اور 17 رکنی ٹاسک فورس بھی باقاعدگی سے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے وفاق کی محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سینٹرل ہیلتھ اسٹیبشلمنٹ کی جانب سے اسکریننگ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے جس نے تقریبا 2درجن سے زائد مسافروں کی اسکریننگ کی ہے، ان آنے جانے والے مسافروں میں سے کوئی بھی پازٹیو نہیں ہوا ہے۔

ڈاکٹر شاکر بلوچ نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ کے تقریبا 100 سے زائد ملازمین کو تربیت دی گئی ہے اس کے علاوہ ایمبولینسز اور دیگر عملہ 24 گھنٹے الرٹ ہے، تمام عملے کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مریض کو کس طرح وارڈ تک شفٹ کرنا ہے تمام میکانزم اور تمام احتیاطی تدابیر اور مخصوص لباس اور تمام ساز و سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شاکر بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ محکمہ صحت حکومت بلوچستان نے کوئٹہ ائیرپورٹ،لسبیلہ کیلئے 2،قلعہ عبداللہ کے لئے10، گوادر کیلئے ایک، تربت کے لئے 2 اور تفتان کیلئے 5تھرمل گن اور پی پی ایز فراہم کی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ ائیرپورٹ پر تھرمل گن اور پی پی ایز کے علاوہ تربیت یافتہ عملہ اور ایمبولینس موجود ہے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 842616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش