0
Tuesday 4 Feb 2020 20:39

بھارت کی جغرافیائی تبدیلی اٹل حقیقت بن چکی، جو اسکے ٹکڑوں کی شکل میں سامنے آئیگی، علامہ ناصر عباس جعفری

بھارت کی جغرافیائی تبدیلی اٹل حقیقت بن چکی، جو اسکے ٹکڑوں کی شکل میں سامنے آئیگی، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام سے حق آزادی کوئی نہیں چھین سکتا، اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والے شہریوں پر بھارت کا ریاستی جبر اس کی نام نہاد جمہوریت کے کھوکھلا پن کی دلیل ہے، حریت وہ جذبہ ہے جسے طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا، بھارت میں زور پکڑتی ہوئی علحیدگی پسند تحریکیں ہندوستان کی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف شدید عوامی ردعمل کا اظہار ہے جس کے نتائج بھارتی ریاست کے ٹکڑوں کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کشمیر پر غاصبانہ بھارتی تسلط کے خلاف پوری دنیا میں آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں، مسئلہ کشمیر کو دو ریاستوں کے زمینی تنازعے کا نام دے کر غیر جانبداری کا راگ الاپنے والی عالم قوتوں نے بھی اپنا سکوت توڑ کر کشمیریوں کی حمایت میں بولنا شروع کردیا ہے، تحریک آزادی کشمیر پوری تیزی کے ساتھ کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے، کشمیر کی آزادی کے لئے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکستان کے ہر شہری کا کشمیری عوام سے مضبوط رشتہ ہے، دنیا کی کوئی طاقت اس میں دراڑیں نہیں ڈال سکتی، اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریک کو کچلنے کی بھارتی سوچ سوائے خام خیالی کے اور کچھ نہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج پورے ہندوستان کی سالمیت لامحدود خطرات میں جکڑی ہوئی ہے جس کا بنیادی سبب ہندوستانی وزیراعظم موودی کی غیر دانشمندانہ و غیر جمہوری اقدامات ہیں، بھارت کی جغرافیائی تبدیلی ایک اٹل حقیقت بن چکی ہے جو اس ریاست کے ٹکڑوں کی شکل میں سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا کہ پاکستانی حکومت عالمی فورمز پر ٹھوس اور اصولی موقف کے ساتھ کشمیری عوام کے حقوق کا دفاع کرے اور اقوام عالم کو یہ باور کرائے کہ کشمیر کا فیصلہ کرنے کا حق صرف کشمیری عوام کے پاس ہے، اسے طاقت یا جبر کے ذریعے حل کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور تجدید عہد کے لئے مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائے گی، اس موقع پر مختلف شہروں میں اجتماعات منعقد کئے جائیں گے، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ اور صوبائی دفاتر میں بھی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 842626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش