0
Wednesday 5 Feb 2020 11:43
نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت، نعرہ حیدری کی گونج میں کشمیر ریلی

ڈی آئی خان، یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

کشمیریوں کو حق خود ارادیت دو، بھارتی فوج مظالم بند کرو کے بینرز
ڈی آئی خان، یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ بعد ازاں علی الصبح ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ( ریٹائرڈ) واحد محمودکی قیادت میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کی خصوصی ریلی نکالی گئی، جس میں پولیس افسران کے علاوہ اہلکاروں نے بھر پور شرکت کی ریلی میں پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونجتے رہے۔ بعد ازاں جی پی او چوک سے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، جس میں ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور، ڈی آئی جی سید امتیاز علی شاہ، کمشنر ڈیرہ اور عوامی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز، کتبے اور کشمیر و پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ بڑے بڑے پینا فلیکسز پہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کی منظر کشی کی گئی تھی۔ ریلی جی پی او چوک سے برآمد ہوئی اور توپانوالہ چوک پہ پہنچ کر ایک بڑے جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور نعرہ حیدری کی گونج میں پاکستان اور کشمیر کے ترانے پیش کئے گئے۔

ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین خان گنڈہ پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، ہم کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کمشنر ڈیرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئینی، قانونی اور مروجہ عالمی قوانین کی پاسداری چاہتے ہیں، اقوام عالم کو اس مسئلہ کے حل کیلئے سوچنا ہوگا ورنہ پاکستان کے عوام کشمیر عوام کے حق کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ مقررین کے خطاب کے بعد کشمیر کی آزادی اور کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ یوم یکجہتی کشمیر ریلی کے شرکاء نے آخر میں ہاتھوں سے زنجیر بنا کر کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ قبل ازیں مقبوضہ کشمیر میں جاری مودی سرکار اور بھارتی افواج کے ظلم کے خلاف اور کشمیر کے عوام سے یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ریلی میں ہر مکتب فکر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 
خبر کا کوڈ : 842720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش