0
Wednesday 5 Feb 2020 12:51

عالمی برادری کشمیریوں سے متعلق وعدوں پر عمل کرے، فردوس عاشق اعوان

عالمی برادری کشمیریوں سے متعلق وعدوں پر عمل کرے، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ عالمی برادری کشمیریوں سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل یقینی بنائے۔ اسلام آباد میں یوم یک جہتی کشمیر کی تقریب کے شرکاء نے سرینا چوک سے اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ کیا، شرکائے مارچ سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خطاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شرکاء اقوام متحدہ کے مبصر مشن میں 2 قراردادیں پیش کریں گے، ایک قرارداد بچوں کی طرف سے اقوامِ متحدہ کے مبصرین کو دی جائے گی، یہ قرارداد بچوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے لئے پیش کی جائے گی، جبکہ دوسری قرارداد دخترانِ پاکستان اقوام متحدہ کے مبصرین کو دیں گی۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کھیل کے میدانوں کو فوجی چھاؤنیوں میں بدل دیا گیا ہے، کشمیر کی موجودہ صورتِحال سامنے لانے میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کی آواز اور ترجمان بننے کا تہیہ کر رکھا ہے  اور آج وہ آزادکشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج مظفر آباد میں حریت رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جبکہ وہ کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بھارتی مظالم پر بات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 842767
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش