0
Wednesday 5 Feb 2020 21:50

کشمیر پر بھارت کے ظالمانہ تسلط کے خلاف پوری دنیا میں آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہے، ناصر الحسینی

کشمیر پر بھارت کے ظالمانہ تسلط کے خلاف پوری دنیا میں آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہے، ناصر الحسینی
اسلام ٹائمز۔ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں اجتماعات اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی اور ضلعی عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے یوم یکجہتی کشمیر کے پروگراموں میں شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی جانب سے محفل شاہ خراسان روڈ پر کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دعائیہ اجتماع منعقد ہوا۔ بعد از اجتماع بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا گیا اور شہدائے کشمیر کی یاد میں شمع بھی روشن کی گئی، جس میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے رہنما ناصر الحسینی، معروف اسکالر علامہ منظر الحق تھانوی، متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی میجر قمر عباس رضوی، پاکستان عوامی تحریک صاحبزادہ ثاقب نواشی، عطا الرحمٰن ہاشمی، آل پاکستان سنی تحریک مطلوب اعوان، پاکستان فلاح پاڑٹی جنید منشی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی، سماجی و صحافتی تنظیموں کے عہدیداران موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی رہنما ناصر الحسینی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات اور کشمیری عوام سے ہمارا رشتہ روح اور بدن کا ہے، کشمیر میں بے گناہ اور نہتے شہریوں پر بھارتی افواج کے بے رحمانہ تشدد کو پوری قوم  اپنے بدن پر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جب تک حل نہیں ہوتا تب تک پورے خطے کا امن خطرے میں رہے گا، عالمی امن کے لئے ضروری ہے کہ اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے، کشمیر پر بھارت کے ظالمانہ تسلط کے خلاف پوری دنیا میں آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت سے کشمیری عوام کے حوصلے پسپا ہونے کی بجائے بلند ہو رہے ہیں، خطے میں آزادی کے لئے جاری جدوجہد اپنے اہداف کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لئے پاکستان حکومت اقوام عالم پر زور دے، کشمیر ہماری اولین ترجیح اور کشمیری عوام کا حق آزادی ہمارا اولین مطالبہ ہے۔ دریں اثناء شہدائے کشمیر کی یاد میں شمع روشن کی گئیں اور بھارتی مظالم کے خلاف بھارت اور امریکہ کا جھنڈا بھی نظر آتش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 842877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش