0
Wednesday 5 Feb 2020 23:23

آئینی حقوق، اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کی اجتماعی استعفے اور الیکشن کے بائیکاٹ کی تجویز

آئینی حقوق، اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کی اجتماعی استعفے اور الیکشن کے بائیکاٹ کی تجویز
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع نے کہا ہے جی بی کے حقوق کے بارے میں مسلم لیگ نون کے وزراء اگر واقعی مخلص ہیں تو آئیں ہم سب مل کر اسمبلی سے استعفی دیتے ہیں اور آئندہ الیکشن کا باضابطہ بائیکاٹ کرتے ہیں۔ صرف پریس کانفرنس کرنے سے حقوق نہیں ملیں گے، ہمیں کڑوے اور سخت فیصلے کرنا ہونگے، اگر میری رائے پر حکومتی وزراء اتفاق کرتے ہیں تو سب سے پہلے میں استعفی پیش کرونگا، آرڈروں سے بچنے کے لیے ہمیں ایک قوم بننا ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کل تک آرڈروں کے خلاف احتجاج میں ہمارے ساتھ کهڑے ہونے والے راجہ جہانزیب اور آئینی حقوق بارے دبنگ قسم کے بیانات دینے والے سید جعفر شاہ حکومت ملنے سے پہلے ہی بک چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگ نون کے وزراء اور پیپلز پارٹی کے صدر امجد ایڈوکیٹ کو دعوت دیتا ہوں آئیں مل کر اسمبلی سے استعفی دیتے ہیں اور آئندہ الیکشن کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ پھر دیکھتے ہیں پی ٹی آئی والے کس طرح ہمارے اوپر آرڈر لاگو کرتے ہیں اور کس طرح الیکشن کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے بارے ہمیں سنجیدگی کے ساتھ سوچنا ہوگا اور ہمیں کڑوے فیصلے کرنا ہونگے۔ جب ہم آرڈر 2018 کے خلاف احتجاج کر رہے تهے تو اس وقت مسلم لیگ نون کے وزراء نے اپنی نوکری بچانے کے لیے ہمارے ساتھ نہیں دیا۔ میں اکیلا یا ہم اپوزیشن کے ممبران اسمبلی سے استعفی دیتے ہیں تو حفیظ سرکار کو کرپشن کے مذید مواقع ملیں گے، اب بھی وقت ہے کہ ہم ایک قوم بنیں اور آئینی حقوق کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کریں تو آسانی سے حقوق لے سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 842891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش