QR CodeQR Code

ادلب میں دہشتگردوں کو ہونیوالی "عبرتناک شکست" سے امریکہ کو "شدید پریشانی" لاحق

6 Feb 2020 04:52

اپنے ایک بیان میں شام کیلئے خصوصی امریکی نمائندے نے ادلب میں بین الاقوامی دہشتگردوں کو ہونیوالی عبرتناک شکست پر اپنی گہری تشویش اور پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں جاری حادثات (دہشتگردوں کو ہونیوالی پے در پے شکستیں) "انتہائی پریشان کن" ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شام کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے نے شامی صوبے ادلب میں بین الاقوامی دہشتگردوں کو ہونیوالی عبرتناک شکست پر اپنی گہری تشویش اور پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شام کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے جیمز فرینکلن جیفرے نے کہا ہے کہ شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں جاری حادثات (دہشتگردوں کو ہونیوالی پے در پے شکستیں) "انتہائی پریشان کن" ہیں۔ جیمز جیفرے نے شامی عوامی مزاحمتی فورسز اور سرکاری افواج کی طرف سے مغربی حمایت یافتہ دہشتگردوں کیخلاف گھیرا تنگ کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک خوفناک لڑائی ہے اور ضروری ہے کہ اسکو روک دیا جائے۔ اس امریکی نمائندے کا کہنا تھا کہ روس کو اپنی سیاست بدلنا ہوگی۔

واضح رہے کہ امریکہ کی طرف سے اس کی گہری پریشانی پر مبنی یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب مغربی حمایت یافتہ بین الاقوامی دہشتگردوں کی طرف سے بارہا سیزفائز کی خلاف ورزی کئے جانے کے بعد ایک ماہ قبل سے شامی سرکاری افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز کی طرف سے ادلب میں کلین سویپ آپریشن جاری ہے، جس میں شام کے شمال مغرب میں واقع معرۃ النعمان اور خان طومان جیسے بڑے شہر دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کروا لئے گئے ہیں، جبکہ شامی سرزمین پر بین الاقوامی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا آخری ٹھکانہ ادلب بھی اب آزادی کی دہلیز پر ہے۔


خبر کا کوڈ: 842918

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/842918/ادلب-میں-دہشتگردوں-کو-ہونیوالی-عبرتناک-شکست-سے-امریکہ-شدید-پریشانی-لاحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org