QR CodeQR Code

بھارت تشدد سے کشمیریوں کو اپنا غلام نہیں بنا سکتا

پاک فوج کشمیر کو فتح کرنے نکلے ہم ساتھ کھڑے ہونگے، خادم رضوی

6 Feb 2020 08:56

یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب میں تحریک لبیک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد ضرور رنگ لائیگی، اقوام عالم کی کشمیر میں جاری مظالم پر خاموشی تشویشناک ہے، کشمیر میں جاری مظالم کوچھ ماہ ہوگئے ہیں لیکن نام نہاد عالمی امن کے ٹھیکیدار نہتے مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے بھی "یکجہتی کشمیر" ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت تحریک لبیک کے سربراہ مولانا خادم رضوی نے کی۔ ریلی داتا دربار سے شروع ہو کر ناصر باغ سے ہوتی ہوئی براستہ جی پی او چوک، ریگل چوک پنجاب اسمبلی کے سامنے پہنچی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی نظریاتی، سماجی، سیاسی اور جغرفیائی شہ رگ ہے، بھارت کی یہ بھول ہے کہ وہ مظالم ڈھا کر کشمیریوں کو اپنا غلام بنا لے گا، کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد ضرور رنگ لائیگی، اقوام عالم کی کشمیر میں جاری مظالم پر خاموشی تشویشناک ہے، کشمیر میں جاری مظالم کوچھ ماہ ہوگئے ہیں لیکن نام نہاد عالمی امن کے ٹھیکیدار نہتے مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کشمیر کو 80 لا کھ لوگوں کی جیل بنا دیا گیا ہے، ایسے سنگین حالات میں اقوام عالم کی خاموشی سے بھارت کو مزید شے ملی ہے اور وہ اپنے مظالم میں دن بدن اضافہ کر رہا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے آزادی کیلئے طویل جدوجہد کی ہے وہ اپنے مقاصد میں ضرور کامیاب ہوئی ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھی آزاد ہوگا۔ خادم رضوی نے کہا ہے کہ جھوٹی تقریریں کرنے، بینر اور فلیکس لگانے سے نہیں بلکہ کشمیر جہاد سے آزاد ہوگا، بیت المقدس بھی لبیک کے نعرے اور جہاد سے آزاد ہوگا، پاکستانی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، پاک فوج کشمیر کو فتح کرنے نکلے ہم ساتھ کھڑے ہونگے، امریکہ اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے صرف سات دن کا وقت دے دیا جائے، ابدالی، غوری اور شاہین ہم نے بھارت کیلئے ہی بنا کر رکھے ہیں۔
 
خادم رضوی کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دنیا بھر میں امن کے ٹھیکیداروں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ کل بھی کھڑی تھی آج بھی کھڑی اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نصاب تبدیل کرنیوالے ڈرامہ بازی بند کریں، شعائر اسلام کی توہین کرنیوالے بھارت یا یورپ چلے جائیں، پاکستان اسلام کے نام پر بنا یہاں صرف محمد عربی(ص) کا دین ہی چلے گا، ہماری گردنیں دین کی سربلندی اور ختم نبوت کے تحفظ کیلئے رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام کے متعلق توہین آمیز گفتگو کرنیوالے ہوش کے ناخن لیں، تحریک لبیک کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
 


خبر کا کوڈ: 842931

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/842931/پاک-فوج-کشمیر-کو-فتح-کرنے-نکلے-ہم-ساتھ-کھڑے-ہونگے-خادم-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org