0
Thursday 6 Feb 2020 16:33
مقبوضہ کشمیر سے جب کرفیو اٹھا تو انسانوں کا سمندر نکلے گا

کشمیریوں کیلئے اچھا وقت آنیوالا ہے، پاکستان پہ حملہ مودی کی آخری غلطی ہو گی، عمران خان

پاکستانی فوج نے وہ جنگ جیتی ہے کہ جو بڑی فوجیں نہیں جیت سکیں
کشمیریوں کیلئے اچھا وقت آنیوالا ہے، پاکستان پہ حملہ مودی کی آخری غلطی ہو گی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان پر حملہ مودی کی آخری غلطی ہو گی اور پاکستان کا بچہ بچہ لڑے گا۔ میرپور آزاد کشمیر میں یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ صبر کی صفت پسند ہے۔ 5 اگست کے بعد 80 لاکھ کشمیری مشکل ترین امتحان سے گزر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ ہر مشکل کے بعد آسانی دیتا ہے، کشمیریوں کے لیے بڑا اچھا وقت آنے والا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 5 اگست سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی، پاکستان کے سربراہ بھی کشمیر کا نام نہیں لیتے تھے، اسلامی ممالک بھی کشمیر کی بات نہیں کرتے تھے لیکن 5 اگست کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، امریکا اور برطانیہ میں کشمیر کا ایشو اٹھایا گیا، دنیا آج کشمیر کے لوگوں کے حالات جان گئی ہے، یورپی یونین کے 600 ممبران پارلیمنٹ نے کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ 6 ماہ میں 3 مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر کا ذکر ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پوری کوشش کررہا ہے کہ خطے میں امن ہو، مودی نے ساری انتخابی مہم میں انتہا پسند بیانات دیئے، جب بھی کوئی لیڈر نفرت کی بنیاد پر ووٹ لیتا ہے تو بڑی تباہی ہوتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نریندرا مودی پاکستان مخالف مہم چلا کر بھاری اکثریت سے الیکشن جیتا، اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ میں انسانوں کی عقل پر پردہ ڈال دیتا ہوں، مودی نے 5 اگست کو تکبر میں قدم اٹھایا اور سنگین غلطی کی۔ مودی نے بالا کوٹ میں ہمارے درخت شہید کر دیئے، مجھے سخت تکلیف ہوتی ہے جب ہمارے درختوں کو شہید کیا جائے۔ ہم نے بھارتی طیارہ مار گرایا اور بھارت کا بڑی بڑی مونچھوں والا پائلٹ پکڑ کر واپس کر دیا تو مودی نے کہا پاکستان نے ڈر کر پائلٹ واپس کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس دن کرفیو اٹھے گا مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کا سمندر نکلے گا اور ایک ہی آواز آئے گی اور وہ آواز آزادی کی ہو گی، جس کے بعد مودی کے پاس کوئی راستہ نہیں رہے گا۔ مودی نے بیان دیا ہے کہ میں 11 دن میں پاکستان کو فتح کرلوں گا، لگتا ہے اس نے دنیا کی تاریخ نہیں پڑھی، اس کی ڈگری جعلی تھی۔ مودی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان پر حملہ کرکے بھارتی عوام کی توجہ ہٹا دے گا، بھارت نے جس دن حملے کی غلطی کی تو پاکستان کا بچہ بچہ آخری سانس تک لڑے گا، ہم مقابلہ کریں گے اور کرکے دکھائیں گے، پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف وہ جنگ جیتی ہے جو دنیا کی بڑی بڑی فوجیں نہیں جیت سکیں۔
خبر کا کوڈ : 843024
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش