?>?> لاہور، کشمیری بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی بچوں کی واک - اسلام ٹائمز
0
Thursday 6 Feb 2020 18:47

لاہور، کشمیری بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی بچوں کی واک

لاہور، کشمیری بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی بچوں کی واک
اسلام ٹائمز۔ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی (ٹرسٹ) کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں لاہور پریس کلب کے باہر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بچوں کیساتھ یکجہتی کیلئے ”سیو آور چلڈرن ان کشمیر واک“ ہوئی جس میں بچوں اور خواتین کے علاوہ شاعروں، ادیبوں، سماجی، سیاسی اور کشمیری رہنماؤں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ شرکا نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے اُٹھا رکھے تھے۔ واک کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں جاری تاریخ کے طویل ترین کرفیو پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔ واک میں شریک خواتین اور بچے کشمیر میں ظلم و تشدد کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دنیا کا طویل ترین کرفیو نافذ ہے، سری نگر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بچوں کو ادویات، دودھ بھی دستیاب نہیں، سکولوں میں تعلیم ناممکن ہو چکی ہے۔

عبدالرزاق ساجد نے مزید کہا المصطفی مقبوضہ کشمیر میں بچوں کے حقوق کیلئے ”سیو آور چلڈرن ان کشمیر“ مہم چلا رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے پر مجبور کریں اور کشمیری بچوں کو تعلیم، خوراک، صحت اور بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں۔ مقررین نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر پیلٹ بندوقوں کے ذریعے فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیلٹ بندوقوں سے فائرنگ کے نتیجے میں سینکڑوں بچوں اور خواتین کی آنکھیں ضائع ہو چکی ہیں، کشمیر میں ہزاروں افراد کی بینائی سے محرومی انسانی المیہ ہے، پیلٹ بندوقوں سے ضائع ہونیوالی آنکھوں کے علاج معالجہ کی سہولیات بھی موجود نہیں، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال جاننے کیلئے امن مشن بھیجے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کیلئے خوراک، ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی رسائی یقینی بنائی جائے، واک کے اہم شرکاء میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما خواجہ جمشید امام، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پنجاب کے صدر پروفیسر ندیم اشرفی، انجمن طلباء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عامر اسماعیل، اے ٹی آئی صوبہ پنجاب کے ناظم سید عزیر بخاری، جماعت اہلسنّت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد نواز کھرل، مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتی قیصر شہزاد نعیمی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید شاہد حسین گردیزی، سراج الدین قذافی، مفتی نعیم جاوید نوری، معروف کالم نگار ڈاکٹر عمرانہ مشتاق، ورلڈ کالمسٹ کلب کے چیئرمین حافظ شفیق الرحمان، ڈاکٹر بدر منیر سیفی سمیت دیگر شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 843045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش