0
Thursday 6 Feb 2020 19:34

ڈاکٹر عارف علوی کا نیشنل نیوٹریشن کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ڈاکٹر عارف علوی کا نیشنل نیوٹریشن کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام ٹائمز۔ صدرِ پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں کا دودھ بچے کی صحت میں سب سے اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ اولاد کی صحت کا براہِ راست تعلق ماں کی صحت سے ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر عارف علوی نے نیشنل نیوٹریشن کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس میں ملک بھر سے شعبہ صحت کے ماہرین موجود تھے۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بچوں میں غذائیت کی کمی کا براہِ راست تعلق ماں کی صحت سے ہوتا ہے اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو ماں کا دودھ پلانے سے شرح اموات میں کمی اور بچوں کی نشونما میں کمی کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔ اسی اثناء میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 5 سال تک کی عمر کے 29 فیصد بچوں کا وزن اوسط سے کم (انڈر ویٹ) ہے جس کی وجہ سے وہ صحت کے بنیادی مسائل سے دوچار ہیں، دوسری طرف 10 فیصد بچوں کا وزن اوسط سے زیادہ (اوور ویٹ) ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا کہ ملک کے 50 فیصد سے زائد بچے وٹامن اے کی کمی کا شکار ہیں، جبکہ 63 فیصد بچے ملک میں بے پناہ سورج کی روشنی ہونے کے باوجود بھی وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہیں جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمیں صحت کی بہتری کے لیے اپنی طرزِ زندگی میں کچھ تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔ دورانِ تقریر صدرِ پاکستان نے وزیرِ اعظم عمران خان کی بھی تعریف کی، جنہوں نے اپنے منتخب ہونے کے بعد قوم سے پہلے خطاب میں ہی ان مسائل سے عوام کو آگاہ کیا اور احساس دلایا کہ عوام اپنی خوراک اور صحت کا احساس کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان آج جو صحت کی خطرناک صورتحال سے دوچار ہے اس کی بڑی وجہ قدرتی طریقوں جیسے بریسٹ فیڈنگ اور بھر پور غذائیت کی حامل غذاؤں سے ناواقفیت ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ ماؤں کا اپنے بچوں کو اپنا دودھ پلانے کے بجائے ڈبوں کا دودھ پلانا بچوں میں غذائیت کی کمی کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے ہیلتھ منسٹری سے کہا کہ اپنی مستقبل کی نسلوں کو بچانے کے لیے ضروری ہے کہ اس کی مارکیٹنگ پر نظر رکھی جائے۔

اپنی تقریر میں صدرِ پاکستان نے قرآن مجید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ اولاد کو ماں اپنا دودھ پلائے اور یہی بچے کی صحت کے لیے بھی اچھا ہے کیونکہ ماں کی صحت کا تعلق براہِ راست اولاد کی صحت اور ان کی اموات سے ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر مزید زور دیا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو بچوں میں غذائیت کی کمی کے مسائل کے بارے میں آگاہی دی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کو چاہیے کہ اپنا کردار ادا کرے اور عوام کو صحت کے چیلنجز سے نمٹنے کا حوصلہ دے ناکہ ان میں مایوسی پھیلائے۔ علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ صرف سیاسی بحث اور تازہ ترین واقعات دکھانے کے علاوہ نیوز چینلز کو چاہیے کہ وہ معاشرے کے مسائل پر بھی زور دیں بلکہ اس کے لیے نیوز ٹائمنگز میں ایک خاص وقت بھی مختص کرے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے لیکن اگر بحیثیت قوم ہم پختگی سے کام کریں تو کوئی ہمیں دولت مند اور صحت مند قوم بننے سے نہیں روک سکتا۔
خبر کا کوڈ : 843052
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش