QR CodeQR Code

سندھ حکومت نے وعدے کے باوجود کراچی کو آج تک ایک روپیہ بھی نہیں دیا ہے، میئر کراچی

6 Feb 2020 20:42

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ میں چار سال سے آواز بلند کر رہا ہوں مگر مجھے اختیارات نہیں دیئے جارہے ہیں، میرے پاس کراچی کے لوگوں کا مینڈیٹ ہے، اس لئے اب تک مئیر کے عہدے پر قائم ہوں، بلدیاتی ادارے ہی اصل جمہوریت ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے وعدے کے باوجود کراچی کو آج تک ایک روپیہ بھی نہیں دیا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کہا تھا کہ کراچی سے جتنا ٹیکس جمع ہوگا اس سے شہر کو اس کا حصہ دیا جائے گا، لیکن صوبائی حکومت نے آج تک ایک روپیہ بھی نہیں دیا۔ مئیر کراچی نے کہا کہ شہر قائد میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لئے میرے پاس فندز نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چار سال سے آواز بلند کر رہا ہوں مگر مجھے اختیارات نہیں دیئے جارہے ہیں، میرے پاس کراچی کے لوگوں کا مینڈیٹ ہے، اس لئے اب تک مئیر کے عہدے پر قائم ہوں، بلدیاتی ادارے ہی اصل جمہوریت ہیں۔

مئیر کراچی نے کہا کہ کسی نے بھی یہ نہیں پڑھا کہ میرے پاس کتنے اختیارات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ ایک میٹنگ بلا لیں جس میں انہیں بتاؤں گا کہ کہاں سے ریونیو پیدا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے چھ اضلاع میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن  نے کام کیا ہے، 70 سے 80 لاکھ اسکوائر فٹ پر ہم نے سڑکیں تعمیر کی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وسیم اختر نے کہا کہ آج سپریم کورٹ نے کراچی کے اہم مسائل پر سماعت کی، شہر میں آئین کے آرٹیکل 141 اے کی خلاف ورزی ہورہی ہے، سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت آرٹیکل 141 پر عمل نہیں کراتی ہے تو آرٹیکل 6 لاگو ہوتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 843078

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/843078/سندھ-حکومت-نے-وعدے-کے-باوجود-کراچی-کو-آج-تک-ایک-روپیہ-بھی-نہیں-دیا-ہے-میئر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org