QR CodeQR Code

امریکہ کا مشرق وسطی کے لئے امن فارمولہ امن دشمن فارمولہ ہے، سنی اتحاد کونسل

7 Feb 2020 19:06

کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اسرائیل نوازی کی انتہا کر دی ہے، نیا امریکی فارمولہ دراصل فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو جائز قرار دینے کی سازش ہے، اقوام متحدہ مظلوم و محکوم فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم اور تسلط سے نجات دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، امریکہ گریٹر اسرائیل منصوبے پر عمل پیرا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مودی سرکار متنازعہ شہریت بل کے ذریعے بھارتی مسلمانوں کو شہریت سے محروم کر کے بھارت کو ہندو ملک بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پورا بھارت مودی کی مسلم مخالف پالیسی کیخلاف چیخ رہا ہے لیکن بھارتی حکومت اپنی ضد پر قائم ہے، بھارتی حکومت نے مسلمانوں سے ناانصافی اور امتیازی رویہ کی ہر حد عبور کر لی ہے، بھارتی آئین تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق دینے کا پابند بناتا ہے لیکن متنازعہ شہریت قانون کے ذریعے مسلمانوں سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار چاہتی ہے کہ مسلمان بھارت چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں، امریکہ کا مشرق وسطی کے لئے امن فارمولہ امن دشمن فارمولہ ہے، یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا اعلان متعصبانہ ہے مسلم حکمران امریکہ کے امن دشمن فارمولے کیخلاف مشترکہ آواز اٹھائیں، ٹرمپ کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ امریکہ نے اسرائیل نوازی کی انتہا کر دی ہے، نیا امریکی فارمولہ دراصل فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو جائز قرار دینے کی سازش ہے، اقوام متحدہ مظلوم و محکوم فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم اور تسلط سے نجات دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، امریکہ گریٹر اسرائیل منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک اسرائیل کو مشرق وسطی کا تھانیدار بنانے کے امریکی منصوبے کی مزاحمت کریں، مشرق وسطی میں امن کیلئے خطے سے امریکی فوجوں کا انخلا ناگزیر ہو چکا ہے، امریکی استعمار کیخلاف جدوجہد کیلئے اتحاد امت ضروری ہے، بھارت کے متنازعہ شہریت بل سے دو قومی نظریہ کی حقانیت ایک بار پھر ثابت ہو گئی ہے، آج بھارت میں مقیم مسلمانوں کو درپیش سنگین صورتحال قائد اعظم کی فکر کی تاہید کر رہی ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ بھارت کی متعصب ہندو حکومت ہر بھارتی مسلمان کو بلا وجہ غدار سمجھتی ہے جس کی وجہ سے بھارتی مسلمان شدید دباؤ کا شکار ہیں، بھارتی حکمران جماعت بی جے پی دراصل بھارتی طالبان ہیں، عالمی برادری نے ہندو شدت پسندی اور دہشتگردی پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں، عالمی دنیا کی بے حسی پر مبنی اس افسوسناک رویہ کو مجرمانہ غفلت ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مسلمان اقلیت امید بھری نظروں سے اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہی ہے، بھارتی مسلمان بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیئے گئے ہیں، مسلم مخالف شہریت بل جیسی امتیازی قانون سازی کی مثال دنیا بھر میں کہیں نہیں ملتی، مذہب کی بنیاد پر بھارتی مسلمانوں کو نشانہ بنانا ظلم اور ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔


خبر کا کوڈ: 843233

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/843233/امریکہ-کا-مشرق-وسطی-کے-لئے-امن-فارمولہ-دشمن-ہے-سنی-اتحاد-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org