0
Friday 7 Feb 2020 20:55

این ای ڈی یونیورسٹی نے سرسبز سندھ و سرسبز پاکستان کے نظریئے کو فروغ دیا، مرتضیٰ وہاب

این ای ڈی یونیورسٹی نے سرسبز سندھ و سرسبز پاکستان کے نظریئے کو فروغ دیا، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی معروف انجینئرنگ درسگاہ این ای ڈی یونیورسٹی کے زیر اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کراچی کے تعاون سے ”ہیلتھی فرائیڈے“ کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے وزیرِاعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی یونیورسٹی کو کاربن نیوٹرل بنانے میں کردار ادا کیا، یونیورسٹی کی عائد کردہ پابندی کا احترام کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے یونیورسٹی مین گیٹ سے ایڈمنسٹریشن بلاک سائیکل پر سواری کی۔ ہیلتھی فرائیڈے کو سراہتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کا یہ ماحول دوست اقدام ہے، جامعہ نے ناصرف یہاں کے طالب علموں کو بلکہ تھر انسٹی ٹیوٹ سے طالب علموں کو بلوا کر پودے لگوا کر سرسبز کراچی، سرسبز سندھ اور سرسبز پاکستان کے نظریئے کو فروغ دیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے ماحول دوست اقدام کو سراہتے ہوئے اُن کا کہناتھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ سندھ بھر میں اس نظریئے کو فروغ دیں، ساڑھے ہزار درختوں کا تحفہ این ای ڈٖی یونیورسٹی نے ماحول کو دیا۔

مرتضیٰ وہاب نے ہوا میں موجود نمی سے پانی بنانے کے تجربے کو بھی سراہا اور سندھ حکومت کی جانب سے ہوا میں موجود نمی سے پانی بنانے کے اقدام کو سندھ اور ملکی سطح پر فروغ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ 2021ء تک کاربن فُٹ پرنٹ کی تخفیف کے ذریعے یونیورسٹی کو کاربن نیوٹرل بنایا جائے گا، گزشتہ جمعہ کو اس پریکٹس کے ذریعے ہم نے 3.2 میٹرک ٹن کاربن سے کیمپس کو محفوظ کیا۔ واضح رہے کہ ہر جمعہ کو این ای ڈی یونیورسٹی کے کراچی میں موجود تینوں کیمپس سمیت تھر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں صبح ساڑھے آٹھ سے شام ساڑھے چار بجے تک ہر قسم کی گاڑیوں کے داخلے پر ایک برس تک پابندی عائد ہوگی، پابندی کا اطلاق جامعہ کے اساتذہ، اسٹاف اور آنے والے تمام افراد سمیت طالب علموں پر ہوگا، جنہیں پوائنٹ سے گیٹ پر اُتارا جائے گا، جبکہ معذور، بیمار اور حاملہ خواتین اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 843251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش