0
Saturday 8 Feb 2020 15:51

مسائل کے حل کیلئے بحریہ ٹاؤن کی یقین دہانی پر جماعت اسلامی کا احتجاج ملتوی

مسائل کے حل کیلئے بحریہ ٹاؤن کی یقین دہانی پر جماعت اسلامی کا احتجاج ملتوی
جماعت اسلامی کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کے خلاف شروع کی گئی مہم کے صرف ایک ہفتے بعد ہی ریئل اسٹیٹ ٹائیکون نے پارٹی کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کراودی۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بحریہ ٹاؤن کی یقین دہانی پر جماعت اسلامی نے 9 سے 20 فروری تک ہونے والے احتجاج کو ملتوی کردیا۔ بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹرز ادارہ نورحق کا دورہ کیا اور پارٹی کے کراچی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمٰن اور دیگر سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں جماعت اسلامی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام مسائل کے حل کے لئے دونوں فریق نے ایک کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے، جس میں ہر فریق کے 3 اراکین شامل ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ پلاٹوں اور گھروں کا زبردستی قبضہ مزید نہیں رہے گا اور آئندہ 4 برسوں میں متاثرہ الاٹیز کے پاس متبادل کے طور پر یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنے معاہدے کو جاری رکھیں یا ان کی رقم کی ادائیگی کی جائے۔ اس کے علاوہ بحریہ گروپ آئندہ 6 سے 12 ماہ کے عرصے میں مختلف ترقیاتی اسکیموں میں الاٹیز کو پلاٹس فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ 35 فیصد ترقیاتی چارجز کو بھی غلط قرار دیا جائے تاہم مذکورہ معاملے پر کمیٹی کوئی دیگر طریقہ کار نکالنے کا فیصلہ کرے گی۔ خیال رہے کہ 31 جنوری کو بحریہ ٹاؤن طارق روڈ کے دفتر کے باہر جماعت اسلامی کے زیراہتمام دھرنا دیا گیا۔ مذکورہ دھرنے میں بحریہ ٹاؤن کراچی میں املاک بُک کروانے والے افراد کی بڑی تعداد شامل تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ ان کی محنت سے کمائی رقم کا ’حقیقی استعمال‘ اور انصاف فراہم کیا جائے۔ مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے جنہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جبکہ احتجاج کے دوران ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے تھے۔ انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکام سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں جس میں متوسط طبقے اور بالائی متوسط طبقے کی بھاری سرمایہ کاری شامل ہے۔ تاہم ساتھ ہی جماعت اسلامی نے 9 فروری کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان بھی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 843391
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش