QR CodeQR Code

طلبہ برادری 9 فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہی ہے

ضیاءالحق نے آج کے دن طلبہ کو یونین کے بنیادی حق سے محروم کیا، عارف حسین

9 Feb 2020 10:08

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ آج طلبہ یونینز پر پابندی کے 36 سال مکمل ہوگئے ہیں، آج کے دن ہی ضیاء الحق کی آمرانہ حکومت نے طلبہ یونینز پر پابندی لگا کر طلبہ کو جمہوری عمل سے محروم کیا، طلبہ یونینز پر پابندی سے تعلیم یافتہ، نظریاتی اور حقیقی قیادت کا فقدان پیدا ہوا، حکومت طلبا یونین کی بحالی کے لولی پاپ کی بجائے الیکشن کے جلد انعقاد کا اعلان کرے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے طلباء یونینز پر پابندی کے 36 سال مکمل ہونے پر لاہور میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 9 فروری طلبہ برادری کیلئے یوم سیاہ ہے جب ضیاءالحق کی آمرانہ حکومت نے طلبہ یونینز پر پابندی لگا کر طلبہ کو جمہوری عمل سے محروم کر دیا تھا۔ گزشتہ سال یونین کی بحالی کے محض دعوے کئے جاتے رہے اور منافقانہ طرز عمل پر حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت طلبا یونین کی بحالی کے لولی پاپ کی بجائے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے الیکشن کے جلد انعقاد کا اعلان کرے۔
 
مرکزی صدر نے مزید کہا کہ آئی ایس او پاکستان کا پہلے دن سے یہی موقف تھا کہ طلبہ یونین کا بحال ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، طلبہ یونینز پر پابندی کے باعث طلبہ اپنے آئینی حقوق سے محروم ہیں، طلبہ یونینز کی بحالی سے معاشرے میں جمہوری اقدار پروان چڑھنے کیساتھ ساتھ ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ عارف حسین الجانی کا کہنا تھا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ طلبا یونین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں جب تک طلباء یونین پر پابندی ختم نہیں کی جاتی اس وقت تک قوم کو تعلیم یافتہ، نظریاتی اور حقیقی قیادت میسر نہیں آ سکتی۔


خبر کا کوڈ: 843513

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/843513/ضیاءالحق-نے-آج-کے-دن-طلبہ-کو-یونین-بنیادی-حق-سے-محروم-کیا-عارف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org