0
Sunday 9 Feb 2020 17:59

سوشل میڈیا پر مادر پدر آزاد کلچر پھیلانے والوں کو کنٹرول کیا جائے، زاہد حبیب

سوشل میڈیا پر مادر پدر آزاد کلچر پھیلانے والوں کو کنٹرول کیا جائے، زاہد حبیب
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے جنرل سیکرٹری پنجاب محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ معاشرتی برائیوں میں تیزی سے بڑھتی ہوئی برائی بچوں سے زیادتی کا عمل ہے، ایسی بھیانک برائی کا فوری اور تا دیر خاتمہ اشد ضروری ہے، ایسے گھناونے جرائم میں ملوث افراد کی سزا کم سے کم موت ہی ہونی چاہئے، معاشرے کو برائی سے پاک کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں سے زیادتی بارے قومی اسمبلی میں پیش کردہ قرار داد پر لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد زاہد حبیب قادری نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کی سزائے موت درست مگر عملدرآمد کے طریقہ پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہئے، ملک میں قانون کی حکمرانی لازم ہے، بچوں سے زیادتی خوفناک عمل ہے جس کی روک تھام ایک موثر قانون سازی بے حد ضروری ہے۔

محمد زاہد حبیب قادری نے کہا کہ امت محمدیہ سے قبل امتوں میں موجود یہی برائی تھی کہ وہ پوری اقوام ہی نیست و نابود ہوئیں، قرآن و سنت کے متصادم کسی آئین و قانون کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا، پہلے سے موجود قوانین پر عمل کروانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مادر پدر آزاد اور بے لگام کلچر پھیلانے والوں کو کنٹرول کیاجائے تاکہ معاشرے میں جرائم اور برائیوں کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فحاشی و عریانی اور بے راہ روی سے نوجوان نسل کو تباہی و بربادی کے راستے پر چلایا جا رہا ہے، حکومت کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ زاہد حبیب قادری کا کہنا تھا کہ بچوں سے زیادتی قانون کو پارلیمنٹ سے فوری منظور ہونا چاہئے تاکہ ملک کے نو نہالوں کو درندہ نماء انسانوں سے بچایا جا سکے۔

محمد زاہد حبیب قادری نے کہاکہ پارلیمنٹ کی بالا دستی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کر سکتی، ضلع قصور میں قوم کی بیٹی زینب کے مجرم کو دی گئی سزائے موت عجلت میں دی گی، حقائق چھپائے گئے، اصل مافیا اور بڑی سیاسی شخصیات و دیگر کو بچایا گیا، زینب مقدمہ کی ازسرنو تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یکساں قانون سازی اور عملداری کے بغیر قانون کی حکمرانی محض خواب ہوگا، پاکستان میں مختلف تنازعات کھڑے کرکے نہ صرف ملک بلکہ قوم کو بدنام کیا جاتا ہے، ایسی صورت میں پوری قوم کو یکجا اور یک زبان ہونا ہوگا، ملک میں بچوں سے زیادتی کی اس لعنت کا خاتمہ متحد ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 843514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش