0
Sunday 9 Feb 2020 13:19

کراچی، شہید قاسم سلیمانی و ابو مہدی المہندس کے چہلم کا عظیم اجتماع شیعہ سنی اتحاد کا مظہر ہوگا، عارف حسین الجانی

کراچی، شہید قاسم سلیمانی و ابو مہدی المہندس کے چہلم کا عظیم اجتماع شیعہ سنی اتحاد کا مظہر ہوگا، عارف حسین الجانی
اسلام ٹائمز۔ نشتر پارک میں ملت جعفریہ کی ملی تنظیموں کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی، آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس نے خطاب کیا۔ اس موقع پر علامہ مختار امامی، علامہ محمد حسین رئیسی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن اور یعقوب حسینی سمیت دیگر شیعہ رہنماء بھی موجود تھے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی، ابو مہندس مہدی اور انکے رفقاء کے چہلم کے موقع پر منعقد ہونے والا اجتماع ان شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے کہ جنہوں نے دنیا کے سامنے امریکہ، اسرائیل اور ان کے منصوبوں کو بے نقاب کیا، جنہوں نے عالم اسلام کو داعش جیسے دہشتگردوں سے پاک کیا، ہمارے اوپر ان کا خون قرض ہے، تمام عالم اسلام کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انِ شہداء کو خراج تحسین پیش کریں، نہ کہ ان ممالک کا ساتھ دیں اور ان کی پُشت پناہی کریں کہ جنہوں نے عالم اسلام کے ان شہیدوں کو دہشتگرد ثابت کرنے کے لئے دن رات ایک کر دیئے، لیکن پھر بھی وہ اپنے مقاصد میں ناکام رہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ 9 فروری 2020ء کو 3 بجے سہ پہر نشتر پارک میں چہلم کا مرکزی اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا، اس سلسلے میں شہر بھر کی اہم شاہراہوں، علاقوں، اور دیگر مقامات پر تشہیری یبینرز، پوسٹرز، آویزاں کر دیئے گئے ہیں جبکہ یہ سلسلہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ جلسے میں شرکت کیلئے شہر بھر سے عوام کی سہولت کے لئے فری ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ دنیا نے دیکھا کہ جن کو دہشتگرد ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی رہی، ان کا جنازہ کس شان و شوکت کے ساتھ اٹھایا گیا اور امریکہ و اسرائیل کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی، اسی سلسلے کو برقرار اور شہیدوں کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے لئے آج 9 فروری کو نشتر پارک کراچی میں بھی عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام و ذاکرین خطاب کریں گے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ 9 فروری کو نشتر پارک کا عظیم الشان اجتماع شیعہ سنی اتحاد کا مظہر ہوگا، جو دنیا کو یہ ثابت کر دے گا کہ ہم دشمن کی عالم اسلام کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آج کی عوام با شعور عوام سے، آج عالم اسلام کے دشمن اور ان کے مقاصد دنیا پر عیاں ہوچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 843540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش