0
Sunday 9 Feb 2020 13:44

ان ہاؤس تبدیلی خارج از امکان نہیں لیکن اس کیلئے بھی بعض لوازمات ضروری ہیں، ایاز صادق

ان ہاؤس تبدیلی خارج از امکان نہیں لیکن اس کیلئے بھی بعض لوازمات ضروری ہیں، ایاز صادق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن ایاز صادق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے حکومتی پالیسیوں کے باعث پیدا شدہ مایوسی اور بے یقینی کی سیاسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، یہ کیسی جمہوری حکومت ہے کہ لوگوں کے چولہے بجھ رہے ہیں، دل جل رہے ہیں، ان پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے اور حکمران کو سب اچھا نظر آ رہا ہے، یہ پالیسیاں اور حکومت چلتی رہی تو کسی گڑھے میں گرنے کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا ہمیں قرضوں کا طعنہ دینے والی حکومت اپنے اقتدار کے پہلے 18ماہ میں اتنا قرضہ لے چکی ہے، جس کی ماضی میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کبھی روٹی مسئلہ نہیں بنی تھی لیکن آج عمران حکومت میں لوگوں کو روٹی کے لالے پڑتے نظر آ رہے ہیں، حالات کا رخ بتا رہا ہے کہ مہنگائی کے آگے بند نہ باندھا گیا تو ہمیں انارکی سے کوئی نہیں بچا پائے گا۔

ایاز صادق نے کہا کہ منتخب ایوانوں کے اندر بھی ایک ردعمل کا سلسلہ موجود ہے، ان ہاؤس تبدیلی خارج از امکان نہیں لیکن اس کیلئے بھی بعض لوازمات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جلد واپس آئیں گے اور اپوزیشن مسائل زدہ عوام کی آواز بنے گی اور حکومت کا عوام دشمن چہرہ بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا جو حکومت خود کو عوام کے سامنے جوابدہ نہ سمجھے اور حکومتی ذمہ داران یہ کہیں کہ جو ہمیں لائے ہیں وہی بچائیں گے تو ایسی حکومتوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنے احتجاج میں آزاد ہیں، فی الحال رہبر کمیٹی فعال نہیں، وہ رابطہ کریں گے تو ان کی سنیں گے۔ انہوں نے کہا ہمارے دور میں بجلی سات روپے فی یونٹ تھی، آج 17روپے ہے، کوئی ہفتہ ایسا نہیں جاتا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو، گیس کی قیمتوں میں دو سو فیصد اضافہ کر کے عوام کو کنکشن کٹوانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 843545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش