QR CodeQR Code

ملکی تمام نظام سود پر چل رہا ہے، سراج الحق

10 Feb 2020 13:43

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں سب سے بڑا مسئلہ نااہلی، بددیانتی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملکی تمام نظام سود پر چل رہا ہے، جب تک سودی نظام کا خاتمہ نہ ہو گا یہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے نجی یونیورسٹی میں کرنٹ افیئرز کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وقت نے اپنے 18 ماہ کے دوران قرضے کی شرح 31 ہزار ارب سے بڑھا کر 41 ہزار ارب روپے تک پہنچا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تمام وسائل ہونے کے بعد بھی ہم پستی کی طرف جا رہے ہیں، ہمارے ملک میں سب سے بڑا مسئلہ نااہلی، بددیانتی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یہاں تمام وسائل موجود ہیں اس کے باوجود بھی ہم پستی کی طرف چلتے چلے جا رہے ہیں۔

حکومت وقت کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت دعوؤں کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بھی عملی اقدامات کرے، میں طلباء کو کہتا ہوں وہ سامنے آکر اپنی صلاحیتوں سے ملکی معاشی صورتحال بہتر کریں۔

امیر جماعت اسلامی نے وفاقی وزیر شیخ رشید پر تنقید کرتے ہوئے کہا ریلوے کے وزیر نے نہ جانے کس خیال میں کہا کہ ریلوے کو آسمان تک لے جائیں گے ، وہ ٹرین کو صرف ٹریک پر ہی رکھیں۔


خبر کا کوڈ: 843697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/843697/ملکی-تمام-نظام-سود-پر-چل-رہا-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org