0
Monday 10 Feb 2020 16:03

وزیراعلیٰ کا سندھ سیکریٹریٹ کا اچانک دورہ، افسران کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار

وزیراعلیٰ کا سندھ سیکریٹریٹ کا اچانک دورہ، افسران کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پیر کی صبح اچانک سندھ سیکریٹریٹ، تغلق ہاؤس پہنچ گئے، افسران کی حاضری چیک کی اور مختلف افسران کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 بجے تک اگر افسران نہیں آتے تو فارغ کریں۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹان کراچی میں انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اچانک سندھ سیکریٹریٹ تغلق ہاؤس پہنچے، جہاں انہوں نے ایکسائز ڈپارٹمنٹ، ہوم ڈپارٹمنٹ کا دورہ کیا اور افسران کی حاضری چیک کی۔ محکمہ انڈسٹریز اور ایریگیشن ڈپارٹمنٹ کے دورے پر سیکرٹری آب پاشی کی غیر حاضری پر وزیراعلیٰ نے انہیں فون کیا اور کہا کہ آپ کا عملہ موجود نہیں ہے، اگر کام نہیں کر رہے تو فارغ کریں۔

اپنے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ داخلہ سندھ کے ساتھ ساتھ وزیر ایکسائز، سیکرٹری ایکسائز کے دفاتر میں افسران اور عملے کی حاضری چیک کی اور غیر حاضری پر اظہار برہمی کیا۔ وزیراعلیٰ سیکرٹری لیبر کے دفتر بھی گئے تو سیکریٹری لیبر کے پرسنل اسٹنٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سیکرٹری لاڑکانہ گئے ہوئے ہیں، جس کے کچھ دیر بعد سیکرٹری لیبر رشید سولنگی دفتر پہنچ گئے تو وزیراعلیٰ نے ان سے مکالمہ کیا کہ آپ تو لاڑکانہ تھے اتنی جلدی پہنچ گئے؟، وزیراعلیٰ کے دورے کے موقع پر محکمہ بلدیات کے سیکرٹری روشن شیخ بھی دفتر میں موجود نہ تھے، جبکہ دفتر میں موجود عملہ غلط بیانی کرتا رہا کہ وہ چیف سیکرٹری کے اجلاس میں گئے ہیں۔

اس پر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چیف سیکرٹری کے ہاں کوئی اجلاس نہیں ہے، یہ عمل ناقابل برداشت ہے۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کے بائیو میٹرک روم کا بھی دورہ کیا جہاں کوئی انٹری کا ڈیٹا موجود نہیں تھا۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو بھی طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ غیر حاضری پر محکمہ منصوبہ بندی کے افسران، محکمہ تعلیم کے سیکرٹری کو نوٹس دیں، اگر یہ افسران نہیں آرہے تو بہتر ہے کہ گھر بیٹھیں۔
خبر کا کوڈ : 843732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش