0
Monday 11 Jul 2011 22:08

گرینڈ الائنس غیر فطری اتحاد ہے، نواز شریف بتائیں کیا وہ ایم کیو ایم کے خلاف چارج شیٹ بھلا بیٹھے ہیں؟ منور حسن

گرینڈ الائنس غیر فطری اتحاد ہے، نواز شریف بتائیں کیا وہ ایم کیو ایم کے خلاف چارج شیٹ بھلا بیٹھے ہیں؟ منور حسن
ایبٹ آباد:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منورحسن نے گرینڈ الائنس کو مسترد اور اسے غیر فطری قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے استفسار کیا ہے کہ وہ بتائیں کہ کیا وہ ایم کیو ایم کے خلاف اپنی چارج شیٹ کو بھلا بیٹھے ہیں؟ پاکستان میں محض چہروں کی تبدیلی اور زرداری، گیلانی کی جگہ نوازشریف یا الطاف حسین یا اسفندیار ولی کے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔یہ سب چوروں اور لٹیروں کا کنبہ ہے۔ فوج خود کو بدنام نہ کرے اور ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کے سلوگن اور ماٹو کی طرف واپس لوٹ آئے۔ اُسامہ بن لادن امریکہ کے خلاف جدوجہد کی علامت تھا اُس کے خون کے ایک ایک قطرے سے ہزاروں اُسامہ بن لادن جنم لیکر امریکی استعمار سے ٹکر لیتے رہینگے۔ ان خیالات کا ظہار اُنہوں نے بار کلب ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی ایبٹ آباد کے زیر اہتمام جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر مشتاق احمد خان، ضلعی امیر محمد سعید عباسی اور عبدالرزاق عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 2 مئی کو ایبٹ آباد میں امریکی فورسز کے آپریشن کے بعد  اُن کا ایبٹ آباد کا یہ پہلا دورہ تھا۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منورحسن کا ایبٹ آباد پہنچنے پر فوارہ چوک پر شاندار استقبال کیا گیا اور اُنہیں ایک جلو س کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا۔ سید منورحسن نے لوگوں سے کہا کہ وہ اُن سیاسی جماعتوں کو چھوڑ دیں جنہوں نے متعدد بار اُن کا ووٹ لیکر دھوکہ دیا۔جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم کا مقصد ہی یہی ہے کہ عوام چوروں اور لٹیروں کی قیادت سے جان چھڑا کر جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے جمع ہوجائیں۔ تاکہ ملک میں ایک حقیقی تبدیلی اور انقلاب برپا ہو اور ملک میں عدل وانصاف کا دور دورہ ہو۔ کرپشن، لوٹ کھسوٹ،رشوت اور اقربا پروری کا خاتمہ ہو اور عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری سے نجات دلائی جاسکے۔ میاں نوازشریف کیطرف سے گرینڈ الائنس اور ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد کاذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے مزید کہا کہ 12مئی کو کراچی میں ایم کیو ایم نے سیاسی کارکنوں کا جو خون بہایا تھا۔ وکلاء کو زندہ جلایا تھا۔ کیا نوازشریف نے ایم کیو ایم سے اُس کی کوئی وضاحت نہیں مانگی؟ نوازشریف پہلے بھی زرداری، گیلانی کی حکومت کو بچاتے رہے ہیں۔اور اب گرینڈ الائنس سے بھی یہی کام لیں گے۔ کیونکہ ایک طرف وہ گرینڈ الائنس بنارہے ہیں اور  دوسری طرف وہ مسلسل یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ زرداری گیلانی حکومت کو نہیں گرائیں گے۔ اور حکومت کو غیر مستحکم نہیں کریں گے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت اور حکمرانوں کی امریکہ کی کاسہ لیسی کا ذکر کرتے ہوئے سید منورحسن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی گو امریکہ گو مہم صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک تحریک، ایک نظریے اور تاریخ سے حاصل کئے گئے سبق کا نچوڑہے۔ اُنہوں نے کہاکہ جب تک ہم امریکہ کی غلامی سے نجات حاصل نہیں کرینگے۔ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ صرف جرأت اور ہمت سے امریکہ کے سامنے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ نے ناٹو افواج اور اپنے تمام تر فوجی وسائل اور ٹیکنالوجی کی قوت کے ساتھ افغانستان کو فتح کرنے کی کوشش کی لیکن آج وہ افغانستان میں ذلیل وخوار ہوکر نکلنے کی راہ تلاش کررہاہے۔ جس طرح روس اور برطانیہ نے افغانستان میں افغان عوام کے عزم اور حوصلے کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے تھے آج دنیا میں واحد سپر پاور کا دعویٰ کرنیوالا امریکہ افغانستان میں تاریخی شکست سے دوچار ہوچکا ہے۔ اور اب افغانستان میں امریکہ کے خلاف برسرپیکار افغان مجاہدین اور طالبان سے مذاکرات کی راہیں ڈھونڈ رہاہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنے تمام تر لائو لشکر کے ساتھ کشمیر ی مجاہدین کے عز م وحوصلے کو شکست نہیں دے سکا۔ اور اسرائیل اپنی تمام ترظلم وجبر اور امریکہ کی حمایت کے باوجود فلسطین عوام کے جذبہ جہاد کو سرد نہیں کرسکا۔ تو پھر پاکستان کو ڈرنے کی کیا وجہ اور ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کی موجودہ حالت کا ذکر کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا کہ امت مسلمہ کو اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کے انسانی ،معدنی اور دیگر وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے اُمت مسلمہ کے وسائل مسلمانوں ہی کیخلاف استعمال ہورہے ہیں۔ لیکن اُنہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں فلسطین میں ہوں، کشمیر میں ہوں، چیچنیا میں ہوں اور افغانستان یا عرام میں موجود مسلم مجاہدین نے ایمان اور جہاد کی جو شمع روشن کی ہوئی ہے انشاء اللہ تعالیٰ اُس کی روشنی بڑھتی رہیگی اور پورے اسلامی دنیا کو منور کریگی۔ تبدیلی اور انقلاب کی بنیاد بنیگی۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منورحسن نے کہا کہ امریکہ کی ایما پر جنوبی وزیر ستان میں آپریشن کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ امریکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاک فوج کو اپنے ہی عوام کے ساتھ لڑاکر بدنام کرنا چاہتا ہے۔ کراچی کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ کراچی میں قتل وغارت کی ذمہ داری ایم کیو ایم اے این پی اور پیپلز پارٹی تینوں پر عائد ہوتی ہے۔ کیونکہ اب تک جو لوگ ان ہنگاموں اور قتل وغارت گری کے حوالے سے پکڑے گئے ہیں اُن کا تعلق ان تینوں پارٹیوں میں کسی نہ کسی سے ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اگر حکومت خلو ص دل سے کراچی کے حوالے سے آل پارٹیز کا نفرنس بلائے اور پھر اس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کرائے تو کراچی کے حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 84376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش