0
Monday 10 Feb 2020 17:26

لائن آف کنٹرول پہ پاک فوج کی جوابی کارروائی، 1 بھارتی فوجی ہلاک 3 زخمی

لائن آف کنٹرول پہ پاک فوج کی جوابی کارروائی، 1 بھارتی فوجی ہلاک 3 زخمی
اسلام ٹائمز۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور میجر سمیت 3 بھارتی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بھارتی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں لائن آف کنٹرول کے جندروٹ اور نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 بچوں اور 2 خواتین سمیت 10 شہری زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کوٹلی میں جبار، سندھارا، سمبل گلی اور دبسی کے دیہات میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ایک بھارتی فوجی کو ہلاک کردیا جبکہ ایک بھارتی میجر سمیت 3 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں اور ان میں آگ بھڑک اٹھی۔

خیال رہے 8 فروری کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کرکے آزاد کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر کو نشانہ بنایا، جہاں ایک شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہو گئیں تھیں۔ بھارتی فوج نے جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی کی اور چری کوٹ کے سیکٹر میں آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ قبل ازیں یکم فروری کو بھی بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کی گئی سیز فائر کی خلاف ورزی سے ایک شہری زخمی ہو گیا تھا جس کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر فائرنگ کی۔ بھارتی فورسز نے ستوال سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس سے 45 سالہ شہری زخمی ہو گیا تھا۔ بھارت کی جاری ہٹ دھرمی اور ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمیشن کے سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 843762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش