0
Monday 10 Feb 2020 23:14

حکومت اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان معاملات طے پاگئے

حکومت اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان معاملات طے پاگئے
اسلام ٹائمز۔ حکومت اور پنجاب میں اس کی ناراض اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے درمیان معاملات دوبارہ طے پا گئے ہیں۔ لاہور میں حکومتی مذاکراتی ٹیم نے اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں پنجاب کی کمیٹی کے ارکان گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی شفقت محمود کے علاوہ وفاقی وزراء پرویز خٹک اور اسد عمر خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ مسلم لیگ (ق) کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، چوہدری مونس الہٰی، کامل علی آغا اور طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے۔ ملاقات میں حکومتی کمیٹی اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت اتحاد کے امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومتی کمیٹی سے کھل کر ہر ایشو پر بات ہوئی اور معاملات سیٹل ہوئے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں ملک میں تبدیلی آئی ہے اور ہم چاہتے ہیں تبدیلی کے ثمرات نچلی سطح تک آئیں، عمران خان کی قیادت، نیت اور کوشش پر کوئی شک نہیں، طریقہ کار بہتر بنانے کے لئے سب مل کر کوشش کریں گے۔ چاہتے ہیں آئندہ انتخابات میں بھی پی ٹی آئی سے اتحاد قائم رہے۔ اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ قاف لیگ اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، ہم یہاں غلط فہمیاں دور کرنے آئے تھے، کوئی اتحادی ہمیں نہیں چھوڑ رہا، مسائل تو گھروں میں بھی ہوتے ہیں، لوگوں نے چھوٹی چھوٹی باتوں پر غلط فہمیاں بنادیں، آئندہ بھی رابطے میں رہیں گے اور مل جل کر معاملات حل کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے مسلم لیگ (ق) کے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں، قاف لیگ کو ترقیاتی فنڈز جلد جاری کر دئیے جائیں گے، ترقیاتی فنڈز کے معاملے پر آئندہ دو روز میں اہم ملاقات اسلام آباد میں ہوگی۔ حکومت اس بات پر رضامند ہوگئی ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے وزراء اپنی وزارتوں اور اپنے متعلقہ اضلاع میں عوامی مسائل کے حل کے معاملات میں بااختیار ہوں گے، کسی بھی قابل اعتراض آفیسر کی تقرری پر تحریک انصاف اعتراض کرسکے گی، اعتراض پر مسلم لیگ (ق) متعلقہ وزارت میں تعیناتی کے لئے نئے آفیسر کا نام دینے کی پابند ہوگی۔ بیوروکریسی کی تعیناتی مختلف کمیٹیوں میں نمائندگی اور حکومتی اداروں میں نمائندگی میں قاف لیگ کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا، وفاق کے معاملات پر پرویز خٹک اور اسد عمر عمل کروائیں گے جبکہ پنجاب کے معاملات پر وزیراعلٰی اور گورنر عمل درآمد کروانے کے پابند ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 843812
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش