QR CodeQR Code

ایک اور یو ٹرن، سرکاری حج اسکیم میں ارکان پارلیمنٹ کا کوٹہ بحال کرنے کا فیصلہ

11 Feb 2020 10:36

رواں سال حج پیکج ساڑھے پانچ لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے اور سرکاری حج اخراجات میں گزشتہ سال کی نسبت ایک لاکھ 13 ہزار روپے کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے، 2020ء میں ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج پر جائیں گے، حج کوٹے کا 40 فیصد حصہ پرائیویٹ حج اسکیم کو دیا جائے گا جبکہ گزشتہ تین سال سے قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے عازمین کو بغیر قرعہ اندازی منتخب کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت نے سرکاری حج اسکیم میں ارکان پارلیمنٹ کا کوٹہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ارکان پارلیمنٹ کی سفارش پر 2 ہزار عازمین حج پر جائیں گے۔ حج پالیسی 2020ء مرتب کرلی گئی ہے جو منظوری کے لیے آج کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ رواں سال حج پیکج ساڑھے پانچ لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے اور سرکاری حج اخراجات میں گزشتہ سال کی نسبت ایک لاکھ 13 ہزار روپے کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ میڈیا پہ جاری دستاویز کے مطابق 2020ء میں ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج پر جائیں گے، حج کوٹے کا 40 فیصد حصہ پرائیویٹ حج اسکیم کو دیا جائے گا جبکہ گزشتہ تین سال سے قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے عازمین کو بغیر قرعہ اندازی منتخب کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ میں پیش کی جانے والی حج پالیسی کے مطابق 70 سال سے زائد عمر شہریوں کے لیے دس ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، پہلی بار حج پالیسی میں اووسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ سرکاری حج اسکیم میں سے ڈیڑھ فیصد ہارڈشپ کوٹہ مختص کیا گیا ہے جو تقریبا 2700 افراد بنتے ہیں ۔ سرکاری دستاویز کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کی درخواست پر 2 ہزار افراد کا کوٹہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کی صوابدید ہو گا۔ ارکان پارلیمنٹ کی سفارش پر یہ 2 ہزار عازمین حج پر جائیں گے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ارکان پارلیمنٹ اور سرکاری افسران کے کوٹے اور سرکاری مراعات ختم کر کے میرٹ پر حج قرعہ اندازی کا اعلان کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 843857

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/843857/ایک-اور-یو-ٹرن-سرکاری-حج-اسکیم-میں-ارکان-پارلیمنٹ-کا-کوٹہ-بحال-کرنے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org