0
Wednesday 12 Feb 2020 11:55
سعودی عرب میں دن بدن امریکہ کے بڑھتے اثرات اچھا شگون نہیں

پاکستان امریکی اثر و نفوذ سے آزاد پالیسیاں بنائے، اشرف آصف جلالی

امریکہ سے عربوں کی دوستی سے امت میں مایوسی پائی جاتی ہے
پاکستان امریکی اثر و نفوذ سے آزاد پالیسیاں بنائے، اشرف آصف جلالی
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐکے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کی بڑھتی ہوئی قربت سے کچھ قوتوں کو پریشانی لاحق ہو رہی ہے، طیب اردگان کا دورہ پاکستان حیران کن نتائج دے سکتا ہے، طیب اردگان کی طرف سے دوہری شہریت کی تجویز بہت بڑا انقلاب برپا کر سکتی ہے، ٹرمپ کی ڈیل آف دی سینچری کے مقابلے میں اُمت مسلمہ خلافت عثمانیہ کے انتظار میں ہے، مسلمانوں کیخلاف یہود و نصاریٰ کی سازشوں کے ادراک اور تدارک کے بغیر امت مسلمہ کے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تین حکومتیں امریکہ، اسرائیل اور بھارت جن کے ہاتھ ہر وقت امت مسلمہ کے خون سے رنگین رہتے ہیں، ان سے بعض عرب حکومتوں کی دوستی سے مسلمانوں کی ایک بڑی اکثریت پر مایوسی چھائی ہوئی ہے، ایسی صورت میں ترکی اور طیب اردگان مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز بنتے جا رہے ہیں، طیب اردگان کی اپنے ملکی مسائل کے حل کیساتھ ساتھ امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے تڑپ نے ان کی شخصیت کو کافی اُجاگر کر دیا ہے۔
 
اشرف جلالی کا کہنا تھا کہ طیب اردگان کا تحفظِ حرمین شریفین اور تحفظِ بیت المقدس کو لازم و ملزوم قرار دینا امت مسلمہ کے دل کی آواز ہے، امریکہ، بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ نے پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے مسائل کھڑے کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں دن بدن امریکہ کے بڑھتے اثرات ہرگز نیک شگون نہیں ہیں، سعودی عرب ہو یا ایران انہیں کبھی بھی امریکہ سے خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی پالیسیاں امریکہ کے اثر و نفوذ سے مکمل آزاد ہو جائیں، طیب اردگان کی طرف سے پاکستان کے دورے کو زیادہ سے زیادہ بامقصد بنانے کیلئے گہری پلاننگ کی ضرورت ہے، ان کی آمد اور استقبال کو حکومت یا حکمران جماعت تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عوام پاکستان کو بھی اپنے معزز مہمان کے استقبال کا موقع فراہم کیا جائے اور انہیں عوامی جم غفیر سے براہ راست خطاب کا موقع دیا جائے، دونوں ممالک کے باہمی تعلقات سے کشمیر اور بیت المقدس کی آزادی کے امکانات مزید روشن ہو سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 844048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش