QR CodeQR Code

ہمیں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور کلائوڈ کمپیوٹنگ کی صورت میں آنیوالے انقلاب کا حصہ بننا ہے، عارف علوی

13 Feb 2020 07:40

سیالکوٹ میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں شفافیت قابل ستائش ہے، پروگرام میں بغیر سفارش کے قرضے دیے جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالات سازگار ہو رہے ہیں اور آج دنیا سرمایہ کاری کرنے کیلیے تیار ہے، ہمیں خود بھی اس کی تیاری کرنا ہو گی، صنعتوں کے فروغ کیلیے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہو گا، کامیاب جوان پروگرام اپنی شفافیت اور افادیت کے لحاظ سے اس حوالہ سے سودمند ثابت ہو گا۔ سیالکوٹ میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں شفافیت قابل ستائش ہے، پروگرام میں بغیر سفارش کے قرضے دیے جا رہے ہیں۔، یہ پروگرام میرٹ، مقابلے کی فضاء اور بہترین کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت افرادی قوت موجود ہے، نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کی فراہمی ہماری ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی وجہ سے جدید علوم تک رسائی آسان ہو گئی ہے، نوجوان خود کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لیے انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، اس وقت چوتھا انقلاب آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور کلائوڈ کمپیوٹنگ کی صورت میں آ رہا ہے اور ہمیں اس انقلاب کا حصہ بننا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ پر پاکستانی سیکورٹی فورسز خراج تحسین کی مستحق ہیں، سیکورٹی فورسز کی قربانیوں سے ملک میں امن اور روشنیاں بحال ہوئیں، ہمیں قوم کے حوصلے کو پست کرنے کے بجائے اعتماد دینا ہو گا کیونکہ پست حوصلے والی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں۔


خبر کا کوڈ: 844224

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/844224/ہمیں-ا-رٹیفیشل-انٹیلی-جنس-اور-کلائوڈ-کمپیوٹنگ-کی-صورت-میں-آنیوالے-انقلاب-کا-حصہ-بننا-ہے-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org