0
Thursday 13 Feb 2020 13:04
جے وی اوپل کیس، بلاول بھٹو کی نیب راولپنڈی عدالت میں پیشی

مجھے گرفتار کیا گیا تو میری آواز آصفہ بھٹو زرداری ہوں گی، بلاول بھٹو زرداری

وزیراعلٰی سندھ کی گاڑی بلاول کی پروٹوکول کی گاڑی سے ٹکرا گئی
مجھے گرفتار کیا گیا تو میری آواز آصفہ بھٹو زرداری ہوں گی، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جے وی اوپل کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) اولڈ ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے ہیں۔ ان کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ نیب راولپنڈی آفس کے باہر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ نیب پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کہہ چکے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری بےگناہ ہے لیکن نیب کی جانب سے بار بار ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے، آج اسی تسلسل میں مجھے نیب آفس بلایا گیا۔ نیب کو نجی لین دین کی تحقیقات کا کوئی حق نہیں، میں جب کمپنی کا شیئر ہولڈر بنا اس وقت 7 سال کا تھا، ہماری غلط فہمی تھی کہ نیب 7 سال کے بچے پر کیس نہیں بنائے گا، مہنگائی کے خلاف مارچ کا اعلان کے بعد ہمیں نوٹس بھیجا گیا، اعتراضات کے باوجود نیب کے سامنے پیش ہوا، ہم سیاسی انتقام کے خلاف اپنی آواز بلند کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اور عوام پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف بجٹ کو نہیں مانتے، پی ٹی آئی ایم ایف معاہدے کو مسترد کرتے ہیں، ہم دباؤ کے باوجود جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اگر میں گرفتار ہوتا ہوں تو میری آواز آصفہ بھٹو زرداری ہوں گی۔

نیب نے بلاول کو زرداری گروپ کمپنی کے 2008ء سے 2019ء تک کا تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ پی پی پی چیئرمین سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی طلب کی گئی ہے۔ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد بلاول بھٹو نے نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ بلاول بھٹو کو نیب کی جانب سے سوالنامہ بھی دیا گیا تھا۔ ان پر اپنی ذاتی کمپنی کے لئے ایک ارب 22 کروڑ روپے جعلی اکاؤنٹ سے نکلوانے کا الزام ہے۔ بلاول بھٹو نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ چھوٹے تھے تاہم آڈٹ رپورٹ میں دستخط موجود ہے۔ نیب نے آڈٹ رپورٹ اور بلاول کے دستخط شدہ دستاویزات حاصل کر لی ہیں۔ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری بھی دی تھی۔ بلاول بھٹو کو یہ چوتھی مرتبہ طلب کیا جارہا ہے تاہم وہ اب تک صرف ایک بار ہی پیش ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بذریعہ خط آگاہ کیا ہے کہ وہ 15 جنوری کے بعد سے نیب کے سامنے پیش ہونے کے لئے تیار ہیں۔ پیشی سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی گاڑی بلاول کی پروٹوکول کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے وقت وزیر اعلیٰ سندھ اور راجہ پرویز اشرف گاڑی میں موجود تھے۔ حادثہ نیب اولڈ ہیڈکوارٹر میں داخلے کے وقت پیش آیا۔
خبر کا کوڈ : 844301
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش