0
Thursday 13 Feb 2020 15:35

سندھ کے بھی 938 سرکاری افسران نے بینظیر انکم سپورٹ سے فائدہ اٹھایا، فہرست جاری

سندھ کے بھی 938 سرکاری افسران نے بینظیر انکم سپورٹ سے فائدہ اٹھایا، فہرست جاری
اسلام ٹائمز۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے فائدہ اٹھانے والے سندھ حکومت کے افسران و ملازمین کی فہرست سامنے آگئی۔ فہرست کے مطابق تعلیم اور دیگر محکموں کے 938 افسران نے فائدہ حاصل کیا جس میں گریڈ 20 تک کے افسران بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 50 افسران نے خود اپنے نام سے بی آئی ایس پی سے رقم وصول کی جبکہ 888 افسران نے اپنے شریک حیات کے نام پر رقم حاصل کی۔ فہرست میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں زیادہ تر افسران کا تعلق محکمہ تعلیم سے ہے اور بیشتر ٹاؤن ایجوکیشن افسران ہیں۔ فائدہ اٹھانے والوں میں محکمہ صحت، زراعت، پولیس، کھیل، سوشل ویلفیئر اور لائیو اسٹاک کے افسران بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے افسران و ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری ہوچکے ہیں۔ 

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد شہریوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے نکال دیا تھا۔ اب بی آئی ایس پی سے نکالے گئے افراد کی فہرست کے ذریعے انکشاف ہوا ہے کہ نکالے جانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل تھے۔ دستاویزات کے مطابق چاروں صوبوں اور وفاق سے اعلیٰ سرکاری افسران بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھاتے رہے۔ حاصل دستاویزات کے مطابق گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے 2 ہزار 543 افسران کو لسٹ سے نکالا گیا جب کہ گریڈ 17 کے ایک ہزار 240 افسران نے بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا تھا۔ اعلیٰ سرکاری افسران اپنی بیویوں کے نام پر بی آئی ایس پی سے پیسے وصول کرتے رہے۔

دستاویزات کے مطابق بلوچستان میں بھی سرکاری افسران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہوتے رہے اور 741 سرکاری افسران نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ دستاویزات کے مطابق سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا۔ ملک بھر سے گریڈ 20 کے 59 افسران سہہ ماہی وظیفہ وصول کرتے رہے جب کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں میں گریڈ 21 کے 3 افسران بھی شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق لسٹ سے نکالے گئے گریڈ 19 کے افسران کی تعداد 429 ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 6 افسران نے بھی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔
خبر کا کوڈ : 844333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش