QR CodeQR Code

حکومت سے مکمل علیحدگی کا معاملہ، متحدہ قیادت نے مشورے شروع کردیئے

13 Feb 2020 15:40

اہم اجلاسوں میں ایم کیو ایم رہنماؤں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ وفاق کراچی کو فنڈ جاری نہیں کرے گا، یہ صرف وقت گزار رہے ہیں لہٰذا اب قیادت کو کوئی فیصلہ کرنا چاہیئے، اگر وفاقی حکومت کی جانب سے جلد از جلد کر اچی کو فنڈ جاری نہیں ہوتے اور کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہیں ہوتا تو پھر حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان وفاقی حکومت سے مایوس، صرف تسلی اور یقین دہانی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مزید وقت نہیں دے سکتے جلد بڑا فیصلہ کیا جائے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کی اکثریت نے رائے دی ہے کہ عوامی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے، وفاق کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا، رابط کمیٹی اراکین نے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا، کارکنان اور ہمدردوں سے جلد رائے لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت وفاق سے سخت ناراض ہے۔ اہم اجلاسوں میں ایم کیو ایم رہنماؤں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ وفاق کراچی کو فنڈ جاری نہیں کرے گا، یہ صرف وقت گزار رہے ہیں لہٰذا اب قیادت کو کوئی فیصلہ کرنا چاہیئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت کی جانب سے جلد از جلد کر اچی کو فنڈ جاری نہیں ہوتے اور کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہیں ہوتا تو پھر حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اب تک ایک درجن سے زائد ملاقاتیں ہوچکی ہیں لیکن عملی طور پر اس پر عمل درآمد نہیں ہوا، ایم کیو ایم کی قیادت نے سنجیدگی کے ساتھ تحریک انصاف کے ساتھ تحریری معاہدے پر بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگر وفاقی حکومت نے وعدوں پر عمل درآمد کیا تو ٹھیک بصورت دیگر حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے، ایم کیو ایم حکومت سے علیٰحدہ ہوکر اپوزیشن بینجوں پر بیٹھنے کی درخواست بھی دے سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت نے صلاح مشورے شروع کردیئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 844337

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/844337/حکومت-سے-مکمل-علیحدگی-کا-معاملہ-متحدہ-قیادت-نے-مشورے-شروع-کردیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org