1
Thursday 13 Feb 2020 15:52
سردار قاسم سلیمانی کی شہادت نے امت میں اتحاد کا ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے، فدا محمد ناشاد

صدر ٹرمپ کشمیر کے مسئلے میں ثالثی کی اہلیت نہیں رکھتے، علامہ افتخار نقوی

ایوان صداقت اور علمی تحقیقی ادارے البصیرہ کے زیر اہتمام شہدائے اسلام کانفرنس سے قائدین اور دانشوروں کا خطاب
صدر ٹرمپ کشمیر کے مسئلے میں ثالثی کی اہلیت نہیں رکھتے، علامہ افتخار نقوی
اسلام ٹائمز۔ سردار قاسم سلیمانی کی شہادت نے امت میں اتحاد کا ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے، شہداء کے خاندانوں کو یاد رکھنا حکومت، فوج اور قوم کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے سپیک رفدا محمد ناشاد نے ایوان صداقت اور علمی و تحقیقی ادارے البصیرہ کے زیر اہتمام منعقدہ شہدائے اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ملکوں میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے ساتھ ملنے کی تحریک چلا رہے ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور امام خمینی ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ افتخار نقوی نے کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہودی اور امریکی فوجی بزدل ہیں، مسلمان مجاہدین کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ شہادت کی تمنا رکھنے والی قوم کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ پاکستان کے فوجی افسروں اور جوانوں نے اپنا خون دے کر پاکستان کی حفاظت کی ہے۔ صدر ٹرمپ کشمیر کے مسئلے میں ثالثی کی اہلیت نہیں رکھتے۔

تحریک انصاف کے مرکزی راہنما سید واجد بخاری نے کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو ہمیشہ یاد ر کھتی ہیں، کربلا کے شہیدوں نے اپنا خون دے کر اسلام کی آبیاری کی ہے۔ گلگت بلتستان کا مطالبہ ہم حکومت کے سامنے رکھیں گے۔ اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ملی یکجہتی کونسل کے وفد کا اعلیٰ سطح پر استقبال کیا گیا، قاسم سلیمانی کی شہادت نے عالم اسلام میں اتحاد و انسجام پیدا کر دیا ہے۔ امریکی صدر نے سردار کے قتل کا اعتراف کرکے اپنے دہشت گرد ہونے کو تسلیم کر لیا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور البصیرہ کے چیئرمین ثاقب اکبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے وفد کے ہمراہ ہم جہاں بھی گئے، ہم نے اتحاد امت کے لیے ایک ولولہ تازہ اور بھرپور جذبہ دیکھنے کو ملا۔ ہم نے ہر مقام پر امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کے لیے ایک نئی تڑپ کا مشاہدہ کیا۔ ہم نے محسوس کیا کہ یہ قوم پوری طرح تیار ہے کہ امام ظہور کریں۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ جیسے سورج تدریجی طور پر طلوع کرتا ہے، ایسے ہی امام زمانہ کے ظہور کا تدریجی آغاز ہوچکا ہے۔

تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ حمید گل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  میں ذاتی طور پر اپنے والد حمید گل کے ہمراہ قاسم سلیمانی سے مل چکا ہوں، وہ بہادر اور گہری بصیرت رکھنے والے فوجی جرنیل تھے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اور اتحاد امت کے سفیر کی حیثیت سے عراق پہنچے تھے کہ امریکہ نے ان کو شہید کر دیا۔ ایران کے کلچرل قونصلیٹ محمد رضا کاکا نے کہا کہ امام خمینی کے انقلاب نے قوموں کو آزادی اور استقلال کا پیغام دیا۔ یہ انقلاب مستکبرین کے خلاف مستضعفین کا انقلاب ہے۔ جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر اسلام سے لے کر آج تک شہداء کے خون نے اسلام کو آگے بڑھایا ہے، کشمیر کو جہاد ہی سے آزاد کروایا جاسکتا ہے۔قرآن کی تعلیمات ہمیں جہاد اور جذبہ شہادت سے سرشار کرتی ہیں۔ کشمیر کی آزادی کے لیے ہم ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

اجلاس سے ان شخصیات کے علاوہ سفارت ایران کے ریسرچ کونسلر ایم زمانی، البلاغ کے سید تنویر حیدر، سید ناصر علی شاہ سابق ایم این اے، جامعۃ المصطفیٰ کے پرنسپل علامہ انیس الحسن خان، ممبر گلگت اسمبلی عمران ندیم اور البصیرہ شعبہ خواتین کی ڈائریکٹر ہما مرتضیٰ نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں سید ثاقب اکبر نے دو قراردادیں پیش کیں، جو اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔ پہلی قرارداد میں واضح کیا گیا کہ کشمیر کے مسئلہ پر ہمیں ٹرمپ اور امریکا کی ثالثی منظور نہیں۔ امریکہ نے کہیں بھی مسلمانوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ کشمیر کے مسئلہ پر ہمیں امریکہ سے انصاف کی توقع نہیں۔ دوسری قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ آئینی ترمیم کے ذریعے گلگت بلتستان کو پاکستان میں باقاعدہ شامل کرکے اسے ایک صوبہ قرار دیا جائے۔ قرارداد میں گلگت بلتستان کی مسلسل پاکستان دوستی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ایوان صداقت کے چیف ایڈیٹر ولایت بلتی نے فرداً فرداً تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 844358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش