QR CodeQR Code

ویلنٹائن ڈے منانا عذاب خداوندی کو دعوت دینا ہے، مولانا عزیز الرحمٰن ثانی

13 Feb 2020 18:49

لاہور میں تقریب سے خطاب میں ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ ویلنٹائن ڈے عریانی، فحاشی اور بے حیائی کا ایک تہوار ہے، ویلنٹائن ڈے اور بسنت جیسے تہوار مسلم معاشرے پر بدی کی یلغار ہیں، ہمارے معاشرے کو ویلنٹائن کے پھولوں کی نہیں، پاکدامنی اور پارسائی کے اصولوں کی ضرورت ہے، 14 فروری بےحیائی کے گلاب کے لئے نہیں، حیاء اور حجاب کیلئے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم نشر و اشاعت مولانا عزیز الرحمٰن ثانی نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے منانا عذاب خداوندی کو دعوت دینا ہے، ویلنٹائن ڈے عریانی، فحاشی اور بے حیائی کا ایک تہوار ہے، ویلنٹائن ڈے اور بسنت جیسے تہوار مسلم معاشرے پر بدی کی یلغار ہیں، ہمارے معاشرے کو ویلنٹائن کے پھولوں کی نہیں، پاکدامنی اور پارسائی کے اصولوں کی ضرورت ہے، 14 فروری بے حیائی کے گلاب کے لئے نہیں، حیاء اور حجاب کیلئے ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے درمیان غیر شرعی رابطے بالآخر قتل و غارت اور فساد کا باعث بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے معاشرے میں ایسی بیہودگی کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی، تعلیمی اداروں اور پارکوں کو ویلنٹائن کی حیاء سوز حرکتوں سے پاک رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس سوسائٹی میں نفسانی خواہشات اور شہوات کیلئے حدود و قیود نہ ہوں وہاں شیطان پوری طرح مسلط ہو جاتا ہے، خواہش پرستی اور شہوت رانی نے پہلے ہی ہمارے معاشرے کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، جس معاشرے میں رشتہ ازدواج اور نکاح مسنون کے بغیر مرد و زن کے تعلقات استوار ہو جائیں، وہ آتش فشاں بن جاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 844381

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/844381/ویلنٹائن-ڈے-منانا-عذاب-خداوندی-کو-دعوت-دینا-ہے-مولانا-عزیز-الرحم-ن-ثانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org