0
Friday 14 Feb 2020 08:48

برطانیہ کے پاکستانی نژاد وزیر داخلہ عہدے سے مستعفی

برطانیہ کے پاکستانی نژاد وزیر داخلہ عہدے سے مستعفی
اسلام ٹائمز۔ برطانیہ کے پاکستانی نژاد وزیرخزانہ ساجد جاوید اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ساجد جاوید نے وزیراعظم بورس جانسن کو لکھے گئے  خط میں کہا کہ وہ اپنے خاندان اور اپنے حلقے برُومز گرُوو کی عوام کو زیادہ سے زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔ ساجد جاوید نے بورس جانسن اور ان کی کابینہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں پچھلی نشستوں پر بیٹھ کر بھی حکومت کی مکمل مدد کریں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ساجد جاوید کی جگہ  بھارتی نژاد رشی سوناک کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے جو اس سے قبل چیف سیکرٹری خزانہ (نائب وزیر) کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق  ساجد جاوید نے اپنے معاونین کو فارغ کرنے کے سلسلے میں بورس جانسن کا حکم ماننے سے انکار کردیا تھا۔

اس حوالے سے ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ ان کے معاونین نے بہت اچھا کام کیا اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کو تبدیل کیا جائے۔ برطانوی میڈیا میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ساجد جاوید نے وزیراعظم بورس جانسن کے مشیر سے اختلاف کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس کے علاوہ بورس جانسن کی جانب سے کابینہ میں مزید تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستانی نژاد ساجد جاوید کنزرویٹو پارٹی کی طرف سے پہلی بار 2010 میں برُومز گرُوو سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ وزارت خزانہ سے قبل وہ  وزیرداخلہ اور کمیونیٹیز منسٹر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ ساجد جاوید پاکستانی نژاد بس ڈرائیور عبدالغنی جاوید کے بیٹے ہیں، اُن کے والدین 1960 کی دہائی میں پنجاب کے شہر ساہیوال سے برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔ ساجد جاوید برطانوی قصبے روچڈیل میں پیدا ہوئے، انویسٹمنٹ بینکار کے طور پر کام کیا اور پھر 2010 میں رکن برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ 
 
خبر کا کوڈ : 844455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش